سید سہیل گیلانی
رمضان المبارک رحمت ، مغفرت ، اور صبر کا مہینہ ہے ۔اسی مقدس مہینہ میں قرآن مجید نازل کیا گیا ۔ اس مہینے کی فضیلت کے لیے یہ بات کافی ہے کہ اس میں شیطان جو کہ انسان کا ازلی دشمن ہے، کو قید کر لیا جاتا ہے اور انسان کو اللہ کا قرب حاصل کرنے کا ، اپنی گناہوں کی بخشش کا اور زیادہ سے زیادہ عبادات میں مشغول رہنے کا صحیح اور آسان موقع ملتا ہے۔ رمضان المبارک عبادات کا مہینہ ہے اور اپنے خیالات ، احساسات اور جذبات میں بدلاؤ لانے کا مہینہ ہے ۔ یہ مہینہ لوگوں کے ساتھ غم خواری کرنے کا ہے اور اس میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے ۔ اس برکت والے مہینے کی یہ بھی ایک خصوصیت ہے کہ اس میں نفل نماز کو فرض اور ایک فرض کو ستر فرضوں کا ثواب ملتا ہے ۔ لہٰذا خوش قسمت مسلمانوں نے اس مقدس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادات میں مشغول رہے اور اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرت رہے۔
بلا شبہ رمضان المبارک کے روزوں کی بہت زیادہ فضیلت ہے جسکا تذکرہ قرآن کریم اور بےشمار احادیث میں موجود ہے ۔ روزے کی بڑی فضیلت یہ ہے کہ حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہےکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہےکہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ابن ِ آدم کا ہر عمل اس کے لئے ہے، سوائے روزہ کے۔ روزہ میرے لئےہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا، اور فرمایا کہ روزے دار کے لئے دو خوشی کے مواقع ہیں ، ایک جب وہ افطار کرتا ہے تو اپنا روزہ کھولنے سے خوش ہوتا ہے ، اور دوسرا جب اپنے ربّ سے ملے گا تو اِس کی جزا دیکھ کر اپنے روزے سے خوش ہوگا۔
ظاہر ہے کہ رمضان المبارک کے ہر ایک رات کی فضیلت اور برکت ہے اور اس میں ایک ایسی رات بھی ہے جس کا تذکرہ قرآن کریم میں ہے کہ یہ رات ہزار مہینوں سے بہتر اور افضل ہے۔ یعنی جو شخص اس رات کو عبادت میں گزار دے، اس نے گویا تراسی برس چار ماہ سے زیادہ زمانہ کو عبادت میں گزار دیا ۔ خوش نصیب ہے جن کو اس با برکت رات کی عبادت نصیب ہو ئی ۔ ایک روایت میں ہے کہ نبی کریمؐ کا ارشاد ہے کہ جو شخص لیلۃ القدر میں ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے عبادت کے لیے کھڑا ہوا ،اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں ( بُخاری و مسلم ) ۔ یہ رات سراپا سلامتی اور امن کی رات ہے ۔ حضرت عائشہؓ نبی اکرمؐ سے نقل فرماتے ہیں کہ لیلۃ القدر رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کیا کرو ۔ اس رات میں حضرت جبرائیل ملائکہ کی ایک جماعت کے ساتھ زمین پے اُترتے ہیں اور عبادات میں مشغول انسانوں کے لیے رحمت اور مغفرت کی دعا کرتے ہیں ۔ اور انہی برکات کے ساتھ یہ رات طلوع فجر تک رہتی ہے ۔اللہ پاک سے دعا رہے کہ ہمیں رمضان المبارک اور لیلۃ القدر کی رحمت اور برکات سے فیضیاب کرے۔
[email protected]