بلال فرقانی
سرینگر// سکھوں کے نئے سال کے آغاز کے موقع پر جمعہ کو بیساکھی کا تہوار وادی کشمیر میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی اور سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد مختلف گرودواروں میں بجن کیرتن کی دعائیہ مجالس میں شریک ہوئی۔مرکزی تقریب شہر کے علاقے رعناواری میں واقع گرودوارہ چھٹی پادشاہی میں منعقد ہوئی ۔جمعہ کو صبح سے ہی وادی کے گوردواروں میں سکھ برادری کے لوگوں کا تانتا بندھا رہا اورمرد وزن ،بوڑھے اور بچوں نے گرو دو واروں پر حاضری دیکر ماتھا ٹیکے ۔اس موقعہ پر گوردواروں میں شبد کیرتن کا خصوصی اہتمام کیا گیااور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہاجبکہ اس دوران لنگر کا بھی انتظام کیا گیا۔ گردوارہ چھٹی پادشاہی رعناواری میں مرد وزن اور بچوںنے حاضری دی اور خصوصی تقریب میں شرکت کی ۔ سکھ برادری سے وابستہ سینکڑوں لوگوں نے مغل باغات نشاط، شالیمار،ہارون،ٹولپ اور بارٹنیکل گارڈن کی سیر کی۔بیساکھی کے سلسلے میں کئی جگہوں پر چراغاں بھی کیاگیا اور وادی میں اس سلسلے میں تقریبات باغات،گوردوارہ شادی مرگ پلوامہ، ترال اور چھٹی پادشاہی بارہمولہ میں منعقد ہوئیں جہاں ہزاروں لوگ نے گورودواروں پر حاضری دی۔ گورودوارہ مٹن میںایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔بیساکھی کا تہوار، جو بنیادی طور پر شمالی ہندوستان کی ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں منایا جاتا ہے، سکھوں کے نئے سال کے آغاز کی علامت ہے۔ یہ 1699 میں گرو گوبند سنگھ کے تحت جنگجوؤں کے خالصہ پنتھ کی تشکیل کی یادگار بھی ہے۔عقائد اور مذہبی خطوط کو توڑتے ہوئے، کشمیر بھر میں تعینات فوجی اہلکاروں نے بھی بیساکھی منائی۔شہر کے مضافات میں HMT علاقے میں ایک آرمی کیمپ میں مرکزی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر فوج کی سرینگر میں قائم 15 کور یا چنار کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل اے ڈی ایس اوجلا اور پولیس اور فوج کے سینئر افسران موجود تھے۔تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے فوجی اہلکار بیساکھی ایک ساتھ مناتے ہیں۔اس تہوار میں شہر کے مشہور مغل باغات کا افتتاح بھی ہوتا ہے۔ان باغات میں موسم بہار کے کھلتے دیکھ کر سیاح مسحور ہو گئے ہیں۔سرکاری طور پر مغل باغات کو سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔