نیوز ڈیسک
نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آج یعنی جمعرات کو قومی دارالحکومت میں جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیر داخلہ سیکورٹی گرڈ کے کام کاج اور سیکورٹی سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرنے کے لیے ضروری ہدایات دیں گے۔یہ میٹنگ تقریباً 3 بجے وزارت داخلہ کے نارتھ بلاک آفس میں ہونے کی امید ہے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، ہوم سکریٹری اجے بھلہ، پولیس ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ اور وزارت داخلہ اور مرکزی مسلح پولیس فورسز کے دیگر سینئر افسران میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو تپن ڈیکا اور سینٹرل سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل ایس ایل تھاوسین بھی اس میٹنگ میں موجود ہوں گے، جس کی صدارت وزیر داخلہ وقتاً فوقتاً جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کرتے ہیں۔را کے سربراہ اور مرکز کے دیگر اعلیٰ حکام بشمول جموں و کشمیر کے افراد کی بھی میٹنگ میں شرکت متوقع ہے۔جموں و کشمیر میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں سے متعلق معاملات بھی میٹنگ کے ایجنڈے میں ہونے کی امید ہے۔ میٹنگ کے دوران جموں وکشمیرکی تازہ سیکورٹی صورتحال،ملی ٹنسی ودراندازی مخالف اقدامات، 22سے25مئی تک G20سے جڑی غیر معمولی سرگرمیوں کی تیاریوں،جون میں ممکنہ سالانہ امرناتھ یاترا ،آنے والے سیاحتی سیزن کے پیش نظرسیکورٹی انتظامات اور جموں وکشمیر میں جاری ترقیاتی عمل بالخصوص سری نگراسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری کاموںکا جائزہ لیا جائیگا۔وزیر داخلہ نے گزشتہ سال اکتوبر میں جموں و کشمیر کے اپنے تین روزہ دورے پر بھی مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔شاہ نے 28 دسمبر 2022 کو نئی دہلی میں جموں اور کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سیکورٹی صورتحال اور ترقی کے پہلوؤں پر ایک جائزہ میٹنگ بھی کی تھی۔