جموں//جموں وکشمیر بھارتیہ جنتاپارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے بدھ کے روز کہاکہ موجودہ مرکزی سرکار یونین ٹریٹری کے لوگوں کو سبھی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے امر ناتھ یاترا کو آسانہ بنانے کی خاطر شیش ناگ سے پنج تیرنی تک بہت بڑی ٹنل تعمیر کرنے اور بالہ تل سے امر ناتھ گھپا تک گنڈولہ بنانے کا فیصلہ لیا ہے۔ان باتوں کا اظہار رویندر رینہ نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے سبھی اضلاع میں تعمیر وترقی کے کام شروع کئے گئے ہیں۔ان کے مطابق موجودہ سرکار جموں وکشمیر کے لوگوں کو سبھی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کے لئے خزانے کے دروازے کھول دئے ہیں اور جہاں بھی نظر دوڑائی جائے وہاں پر بڑے بڑے پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے۔مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کے حالیہ دورہ جموں وکشمیر کو تاریخی قرار دیتے ہوئے رویندر رینہ نے کہاکہ امر ناتھ یاتریوں کو سہولیات فراہم کرنے کی خاطر کھنہ بل سے پہلگام تک کی شاہراہ کو قومی شاہراہ کا درجہ دیا گیا ہے اوراس پر اب کروڑوں روپیہ صرف کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ یاتری پر خطر راستے طے کرنے کے بعدہی پوترا گھپا تک پہنچ پاتے ہیں اس کے پیش نظر مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نے شیش ناگ سے پنج تیرنی تک بہت بڑی ٹنل تعمیر کرنے کا فیصلہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ کھنہ بل سے ہوتے ہوئے پہلگام ، چندن وارڈی براست شیش ناگ تک ایک قومی شاہراہ بنائی جائے گی۔ان کے مطابق بالہ تل سے امر ناتھ گھپا تک گنڈولہ تعمیر کرنے کو بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی اور خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور یہاں کے لوگوں کو سبھی سہولیا ت میسر رکھنے کی خاطر سرکار کوشاں ہے۔رویندر رینہ نے کہاکہ یہ ایسے فیصلے جس سے جموں وکشمیر میں راہیں کھلیں گی اور اس سے جنت کو مزید خوبصورت بنانے کی راہ ہموار ہو گی۔