غلام محمد
سوپور //جموں و کشمیر کے اینٹی کرپشن بیورو نے پیر کو اے آر ٹی او آفس سوپور پر چھاپہ مارا اور مختلف دستاویزات یعنی ڈی ایل، پرمٹ، این او سی حاصل کرنے اور گاڑیوں کی رجسٹریشن وغیرہ کے لیے اے آر ٹی او آفس سوپور جانے والے عوام سے رشوت اور وصول کرنے کے معاملے میں ملوث تین اہلکاروں کو موقع پر ہی گرفتار کیا۔ان اہلکاروں کے خلاف اکثر شکایات موصول ہوتی رہی ہیں کہ وہ مختلف ایجنٹوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی میں ملوث ہیں اور اے آر ٹی او آفس سوپور آنے والے مختلف لوگوں سے رشوت لیتے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ اس معاملے میں کئی اعلیٰ افسران بھی ملوث ہیں اور آنے والے دنوں میںمزید گرفتاریوں کی توقع ہے۔گرفتار اہلکاروں میںاعجاز احمد میر ،فاروق احمد وگے اور 3محمد اشرف ڈار شامل ہیں۔ اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیمیں موقع پر موجود رہیں اورمزید تحقیقات جاری ہے۔