بلال فرقانی
سرینگر//جی 20تقریبات اور سیاحتی سیزن سے قبل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لوگوں کی تعداد میں اضافے کو سنبھالنے کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسکے علاوہ سامان کی جانچ پڑتال کرنے والی مشینوں کا قیام اور مسافروں کو لے جانے کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کو متعارف کرانا ان اہم اقدامات میں شامل ہیں۔حکام نے جمعہ کو کہا کہ سیاحوں کی شکایات کو پورا کرنے کے لیے ایک پولیس یونٹ اور ایک پولیس سہولت کاؤنٹر بھی قائم کیا جائے گا۔حکام نے بتایا کہ ان اقدامات کا اعلان جمعرات کو سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سیکورٹی پہلوؤں اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ میں کیا گیا۔
اس کا انعقاد جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ اور سول ایوی ایشن سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل بیورو (بی سی اے ایس) ذوالفقار حسن نے کیا، اور سول انتظامیہ اور پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، سیاحت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران بھیڑ کو کم کرنے کے اقدامات جیسے کہ مین گیٹ پر سامان کی جانچ کرنے والی مشینوں کی تعداد میں اضافہ اور مسافروں کو مین گیٹ سے ٹرمینل تک لے جانے کے لیے الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروانے پر بات چیت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی مدد کے لیے ہوائی اڈے پر ایک پولیس سہولت کاؤنٹر کھولا جائے گا، اس کے علاوہ مسافروں کی ضروریات اور ان کی شکایات کو پورا کرنے کے لیے ایک پولیس یونٹ بھی قائم کیا جائے گا۔عہدیداروں نے کہا کہ سری نگر شہر میں ایک توسیعی بیگج کم چیک ان کاؤنٹر کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ ہوائی اڈے پر بھیڑ کو کم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے خاص طور پر آنے والے G20 دوروں، سیاحتی موسم اور امرناتھ یاترا کے پیش نظرہوائی اڈے کو زیادہ ہوائی ٹریفک کو سنبھالنے میں مدد ملے گی۔عہدیداروں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی بھی مسافر سے ٹیکسی خدمات سمیت کسی بھی سروس کے لیے زیادہ قیمت وصول نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے اور اس کے آس پاس کے احاطے کا سیکورٹی آڈٹ کسی بھی خطرے کو بے اثر کرنے کے لیے کیا جائے گا۔