نیوز ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر وقف بورڈ نے منگل کو کہا کہ تین سالوں میں پہلی بار یہاں کی تاریخی عیدگاہ میں باجماعت نماز عید ادا کیے جانے کا امکان ہے۔جموں و کشمیر وقف بورڈ چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے رمضان المبارک کے اختتام کے بعد نماز باجماعت ادا کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد عید گاہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر موسم نے اجازت دی تواس سال عید کی نماز عید گاہ میں ادا کی جائے گی۔ کشمیر میں اس وقت اچھا ماحول ہے اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عید کی نماز عید گاہ میں ادا کی جائے۔اندرابی نے کہا کہ تمام انتظامات کئے جائیں گے تاکہ نماز آسانی سے ادا کی جاسکے۔انہوں نے مزید کہا’’آج کشمیر امن، ترقی اور خوشحالی چاہتا ہے۔ ہمیں ماضی کے بارے میں نہیں سوچنے دیں، “۔وقف بورڈ کے چیرپرسن نے کہا کہ عیدگاہ شہر کا چہرہ ہے اور اسے مناسب سہولیات کے ساتھ ترقی اور بہتر بنایا جائے گا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے عید گاہ کے اصل احاطے کی نشاندہی کرنے کے بعد تجاوزات کو ہٹا دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ عیدگاہ کی خوبصورتی بڑھانے اور ڈرینج کی سہولیات کو ممکن بنایا جائیگا ۔