جموں//نیشنل ہیلتھ مشن جموںوکشمیر نے عالمی یوم موسمیاتی دِن کے موقعہ پر سٹیٹ ہیلتھ سوسائٹی نگروٹہ جموں کے کانفرنس ہال میں ’’ عالمی موسمیاتی دِن2023‘‘ منایا ۔ تقریب میں موجودہ پیش رفت اور مستقبل کے مواقع پر بحث وتمحیص کی گئی تاکہ سامعین کو موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگا ہ کیا جاسکے۔نیشنل ہیلتھ مشن جموںوکشمیر نے سمینار کا اِنعقاد کیااور اس برس کا موضوع ’ آئندہ نسلوں میں موسم، آب و ہوا او رپانی کا مستقبل ‘تھا۔اِس موقعہ پرمہمان خصوصی مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم آیوشی سوڈان نے پروگرام کا اِفتتاح کیا۔اِس برس کے تھیم پر تفصیلی بصیرت اور معلومات فراہم کی اور کچھ حقائق سے آگاہ کیا۔ موسمیاتی تبدیلی کے اِنسانی صحت پر اثرات اور سامعین سے مزید اپیل کی کہ وہ کرہ ارض کو بچانے اور معاشرے کے فائدے کے لئے اَپنا کردار اَدا کریں۔یہ پروگرام موسمیاتی تبدیلی کے بنیادی پہلوئوں کو اُجاگر کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا تھا اور آب و ہوا کے بگاڑ کو کم کرنے کے لئے کیا اقدامات کئے جاسکتے ہیں ۔پروگرام منیجر کلائمیٹ چینج ڈاکٹر پرویش کمار نے تعارفی سیشن سے خطاب کیا اور اُنہوں نے اِس سلسلے میں اُٹھائے جانے والے اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔آئی سی ٹی کنسلٹنٹ ماویس ٹیکنالوجیز نئی دہلی ستیش کمار نے ’’ موسمیاتی تبدیلی میں آئی سی ٹی کا کردار‘‘ کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی جس میں اِس بات کو روشناس کیا گیا کہ کسی طرح معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی موسمیاتی تبدیلی میں رہنمائی کر رہی ہے ۔ رائز گلوبل میٹرولو جی ڈیپارٹمنٹ نئی دہلی سے گندیپ سنگھ نے گھروں کو صاف پانی فراہم کرنے میں’’ جل شکتی مشن‘‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ مشن پانی کے تحفظ میں کس طرح مدد کرتا ہے۔جے ایم سی کلسٹریونیورسٹی اور این سی سی کے طلبانے بھی پانی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے طریقوں پر اَپنے خیالا ت کا اظہار کیا۔