سید اعجاز
پلوامہ // اونتی پورہ پلوامہ میں ہفتہ کو بس الٹنے سے بہار سے تعلق رکھنے والے چار افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سرینگرجموں فور لین شاہراہ پر گوری پورہ کراسنگ کے نزدیک پیش آیا۔صبح کے وقت جب وادی میں ہلکی بوندا باندی ہورہی تھی تو ایک مسافر بس شاہراہ پر لڑھک گئی جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد شاہراہ پر چل رہی گاڑیاں رک گئیں اور مقامی لوگوں کے علاوہ سی آر پی ایف اور پولیس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔گاڑی الٹ جانے سے اس میں سوار مسافر، جو مزدور تھے، شاہراہ پر دور دور تک بکھر گئے۔پولیس نے بتایا کہ حادثے میں چار مسافر، تمام بہار کے رہائشی، ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 28 مسافر زخمی ہوئے، جن میں سے 23 کو علاج کے لیے مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔مرنے والوں کی شناخت نصرالدین انصاری ، راج کرن داس، علی الدین اور قیصر عالم کے بطور ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک کی موت جائے حادثہ پر ہی واقع ہوئی جبکہ تین اسپتال پہنچانے کے دوران چل بسے۔دریں اثناء لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس واقعہ پر غم و غصہ کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ لوگوں کو تمام ضروری مدد فراہم کی جائے۔سنہا نے ٹوئٹر پر لکھا‘‘میں اونتی پورہ میں ہونے والے بدقسمت بس حادثے سے بہت غمزدہ ہوں، جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ میں نے ضلع انتظامیہ کو متاثرہ افراد کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے،‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ بہار میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔ادھر اونتی پورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق نے کہا کہ آج صبح پیش آئے المناک حادثے میں چار افراد فوت جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے بروقت انتظامات کیے گئے ہیں اور ایل جی ؎ کی ہدایات پر مہلوکین کے لواحقین میں ایک لاکھ روپے جبکہ شدید زخمیوں میں 25 اور معمولی زخمیوں میں 10ہزار روپے کی ایکس گریشیاء منظور کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لاشوں کو گھرپہنچانے کے لئے انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔بعد ازاں انہوں نے زخمی افراد کی صحت کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے صدر اسپتال اور بون اینڈ جوائنٹ اسپتال کا دورہ کیا۔ادھرالطاف بخاری نے بھی اونتی پورہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بخاری نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ “میں اس المناک سڑک حادثے پر بہت افسردہ ہوں ۔” سوگوار لواحقین سے ہمدردی کا اظہار اور زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے۔
اونتی پورہ فور لین شاہراہ پر حادثہ،4بہاری مزدور ہلاک، 28زخمی ایل جی کا اظہار افسوس،مہلوکین کے لواحقین کے حق میں ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان، بخاری کا اظہار رنج
