جموں //ساکن رکن قانون سازیہ ترلوچن سنگھ وزیر کے قتل کیس کے سلسلے میں ان کے فرزند کرن سنگھ وزیرنے اب تک کے تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کے والد کے قاتلوںکو سزا ملے گی۔جموںمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرن سنگھ وزیر نے کہا کہ انکے والد ترلوچن سنگھ وزیرکی دہلی میں قتل کے سلسلے میں دہلی پولیس نے ابتدائی گرفتاریاں کیں لیکن ماسٹر مائنڈ اور سازش کرنے والے تقریباً ڈیڑھ سال تک فرار رہے تاہم بعد میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے اس قتل کے پیچھے کی سازش کا پردہ فاش کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے قابل ستائش کام کیا ہے اور اس قتل کے پیچھے تین اہم سازشیوں کو بھی بے نقاب کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان سب کو انصاف پر یقین ہے اور امید ہے کہ جو بھی سازش یا قتل میں ملوث ہے اسے بخشا نہیں جائے گا۔ انکاکہناتھا کہ گرفتار افراد اپنی گرفتاری سے قبل اعلیٰ حکام سے رابطوں کا استعمال کرکے تفتیش کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور اب وہ اپنے خاندان کے افراد کی جانب سے سرکاری عہدوں کا غلط استعمال کرکے تفتیش کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ معاملہ پچھلے ڈیڑھ سال سے زیر تفتیش تھا اور اب مرکزی ملزم ہرپریت سنگھ کی جموں سے گرفتاری اور پوچھ گچھ کے بعد ہی دہلی پولس کی کرائم برانچ اس سازش کا پردہ فاش کرنے اور تینوں ملزمین سدرشن سنگھ وزیر، ہرجندر کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی۔انکاکہناتھا کہ انہیںعدلیہ اور دہلی پولیس کی کرائم برانچ پر پورا بھروسہ ہے اور امید ہے کہ انکے والد کے قاتلوں کو ان کے جرم کی سزا ملے گی۔