نیوز ڈیسک
جموں// ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ جموں کے سرحدی دیہاتوں میں ڈرون کے ذریعے ہتھیار اور منشیات کو ہوا سے چھوڑا جا رہا ہے تاکہ UTجموں کشمیر میں ملی ٹینسی کو بحال کیا جا سکے اور اس کو ہوا دی جا سکے۔پولیس کے زیر اہتمام جموں میراتھن کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت جموں و کشمیر میں امن قائم ہے، ڈرون سے لیس ہتھیاروں کے ساتھ منشیات کی بھاری کھیپ جموں کے سرحدی دیہاتوں میں چھوڑی جا رہی ہے، ہم نے ایسی بہت سی کوششیں ناکام بنا دی ہیں اور منشیات کی بھاری کھیپ پکڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہتھیار عسکریت پسندوں کے حوالے کیے جاتے ہیں جب کہ منشیات فروخت کی جاتی ہیں اور کمائی گئی رقم عسکریت پسندوں میں تقسیم کی جاتی ہے۔”رقم کا کچھ حصہ ان سرپرستوں کو واپس بھیجا جاتا ہے جو اس طرف دراندازی کرنے والے عسکریت پسندوں کو آئی ای ڈی اور دیگر حملے کرنے کے لیے دیتے ہیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ منشیات کی دہشت گردی کے تعلق پنجاب سے پائے گئے ہیں۔سنگھ نے کہا کہ اگر کسی کو دھماکہ کرنے کا کام سونپا جاتا ہے، تو اسے دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ اور ڈرون کے ذریعے پیشگی انعامی رقم دونوں دی جاتی ہے۔سنگھ نے کہا، ’’یہ وہی رقم ہے جو منشیات کی تجارت سے حاصل ہوتی ہے اور پاکستانی ایجنسیوں اور وہاں سے کام کرنے والے دہشت گرد گروپ استعمال کرتے ہیں۔بعض سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سیکورٹی اداروں پر تنقید کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے تبصرے کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا’’سیاست دان سیاست کریں گے لیکن پولیس اور فورسز کو اپنا کام خود کرنا ہوگا، ایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے ،جس سے پرامن ماحول خراب ہو۔ لوگوں کو ایسی چیزوں سے باز آنا چاہیے،‘‘ ۔پولیس چیف نے کہا کہ ہم نے اس قسم کے اقدامات (پولیس پر تنقید) کی مخالفت کی ہے اور جب کبھی معاملات حد سے بڑھ جاتے ہیں تو اس کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔
ڈرون کے ذریعے ہتھیار وں کی فراہمی | منشیات سے کمائی گئی رقم ملی ٹینٹوں میں تقسیم کی جاتی ہے:ڈی جی