عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے نصف لاکھ سے زیادہ لوگ مناسب بینکنگ سہولیات سے استفادہ کرنے میں دشواری کا شکار ہیں۔علاقہ میں واحد بنک شاخ جے اینڈ کے بینک برانچ کی صورت میں منڈی تحصیل ہیڈ کوارٹر پر موجود ہے۔لوگوں نے اب علاقے میں ایک اور نئی برانچ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔علاقے کے لوگوں نے بتایا کہ تحصیل منڈی کے درجنوں دیہات گنجان آباد ہیں اور ان کی ایک وسیع آبادی ہے جس میں علاقے کے نصف لاکھ سے زیادہ لوگ اپنی بینکنگ خدمات کے لیے منڈی میں واحد جے اینڈ کے بینک برانچ پر منحصر ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ منڈی میں جے اینڈ کے بینک برانچ کے اندر اور باہر صارفین کی لمبی قطاریں نظر آتی ہیں جن کے بینک میں پنشن اکاؤنٹس والے بوڑھے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔مقامی لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ بینک برانچ میں منیجر سمیت صرف چھ ملازمین کام کر رہے ہیں اور ان ملازمین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اتنے صارفین سے نمٹنا بہت مشکل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے عام صارفین پریشانی کا شکار ہیں۔لوگوں نے منڈ ی قصبہ میں مزید تین اے ٹی ایم مشینوںکی تنصیب کابھی مطالبہ کیا۔منڈی کے علاقے سے محمد فرید نے کہا”بینک برانچ کے باہر ہمیشہ صارفین کا بہت زیادہ رش رہتا ہے اور ہمیں بینکنگ خدمات حاصل کرنے میں سخت پریشانی اٹھانی پڑتی ہے”۔محمد فرید سمیت لوگوں نے یہ بھی کہا کہ منڈی قصبہ میںجموںوکشمیر بینک کا موجودہ واحد اے ٹی ایم وسیع آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہے اور جب بابا بڈھا امرناتھ یاترا شروع ہوتی ہے تو مسئلہ بڑھ جاتا ہے۔انہوںنے کہا”ہم لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قصبے میں کم از کم دو مزید اے ٹی ایم لگانے کا مطالبہ کرتے ہیں ‘‘۔
منڈی کی وسیع آبادی جے کے بنک کی واحد برانچ پر منحصر | عوام کا ایک اور بینک برانچ، تین اے ٹی ایم کھولنے کا مطالبہ