نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گلشن گراؤنڈ میں 33 ویں پولیس پبلک میلے کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر کہا کہ پولیس پبلک میلہ، پولیس افسران اور عوام کے درمیان بات چیت اور مشترکہ ورثے کو منانے کے لیے ایک طاقتور پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس وائیوز ویلفیئر ایسوسی ایشن (جے کے پی ڈبلیو ڈبلیو اے) کی ستائش کی کہ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ اور خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے سال بھر متعدد اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جے کے پی ڈبلیو ڈبلیو اے ،پولیس کے جوانوں اور ان کے خاندانوں کے لیے فلاحی اقدامات کو فروغ دینے میں غیر معمولی کام کر رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ،جنہوں نے قوم کی خدمت اور حفاظت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔انہوںنے کہا کہ ہم اپنے بہادروں اور ان کے خاندانوں کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے جنہوں نے ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف پولیس اداروں، اضلاع، جے کے آر ایل ایم کی طرف سے لگائے گئے اسٹالوں کا دورہ کیا اور پولیس خاندانوں سے بھی بات چیت کی۔دلباگ سنگھ انہیںپولیس-پبلک میلے کے لیے کیے گئے وسیع انتظامات اور جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کی گئی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔