جموں// جموں و کشمیر میں عام آدمی پارٹی حکومت کی تجاوزات کے خلاف مہم کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے ۔ انجینئر نذیر احمد یتو بھی اس مہم کے خلاف غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف اس مہم کا مقصد صرف غریب لوگوں کو نشانہ بنانا ہے تاکہ انہیں ہراساں کیا جائے اور بی جے پی کے ہاتھوں میں کچل دیا جائے۔ پارٹی نے کہا کہ حکومت نے اس مہم کو غیرجانبدارانہ رکھنے کا دعویٰ کیا لیکن یہ محض جھوٹا دعویٰ ہے اور اس میں غریب لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بی جے پی قائدین بھی اس مہم سے محفوظ ہیں اور کوئی کارروائی نہیں کی گئی حالانکہ بی جے پی کے کئی لیڈروں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا ہے اور ان زمینوں پر اپنی غیر قانونی تعمیرات بھی کر رکھی ہیں۔عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کی تجاوزات کے خلاف مہم لوگوں کو ہراساں کرنے اور ان پر بی جے پی کی آمرانہ پالیسیاں مسلط کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل جی کی یقین دہانی کے باوجود غریب لوگوں کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں جو خوف کی زندگی گزار رہے ہیں۔ دوسری جانب، عام آدمی پارٹی کے رہنما اور کشمیر صوبے کے نائب صدر، انجینئر نذیر احمد یتو اس انہدامی مہم کے خلاف غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں۔ یتو حکومت کی اس آمرانہ پالیسی کے خلاف بھوک ہڑتال پر ہے جس سے غریب خاندان بے گھر ہو کر خوف کی زندگی گزار رہے ہیں۔ یتو نے بھوک ہڑتال کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کا ایک ایک شہری اس مہم سے متاثر ہوا ہے۔ ہر کوئی اسے روکنے کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن حکومت کوئی پرواہ نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے کئی لیڈروں نے سرکاری اراضی پر قبضہ جما لیا ہے جبکہ درجنوں لیڈروں نے سرکاری رہائش گاہوں پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے لیکن حکومت کوئی فکر نہیں کر رہی ہے۔