نیوز ڈیسک
سرینگر//چھتہ بل میں ایک شہری اپنے رہائشی مکان سے گر کر ہلاک ہوگیا۔ اس دوران 12فروری کی شام جہلم میں کود کر مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی ترہگام کپوارہ کی17سالہ طالبہ کی نعش بدھ کودریاسے برآمد کی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر کے چھتہ بل علاقہ میں بدھ کی صبح اُسوقت صف ماتم بچھ گیاجب یہاں ایک40سالہ شخص اپنے رہائشی مکان سے گرنے کے بعدلقمہ اجل بن گیا۔حکام نے بتایاکہ 40سالہ معراج الدین بٹ ولد عبدالرحمن بٹ ساکن چھتہ بل پائین اپنے مکان سے گرکر شدیدزخمی گیا۔لوگوں نے اس کو صدراسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیکر تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس دوران ترہگام کپواڑہ کی ایک نوعمرطالبہ ،جس نے12 فروری کی شام سری نگر کے سونوار علاقے میں مبینہ طور پرایک فٹ برج سے دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی تھی، بدھ کی دوپہر کو اُسکی نعش دریاسے برآمد کی گئی۔حکام نے بتایاکہ 12فروری کی شام اس واقعے کی اطلاع ملنے کے بعدسے ہی ایس ڈی آرایف اوردریائی پولیس کے اہلکار اس نوعمر طالبہ کی نعش کوتلاش کررہے تھے اور تین روز بعدبدھ کوبعددوپہر مذکورہ نوعمر لڑکی کی لاش برآمد کی گئی۔ پولیس نے طالبہ کی نعش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور طبی اور قانونی کارروائی کے بعداسکی میت کو آخری رسومات کیلئے لواحقین کے حوالے کیاگیا۔