سرینگر//مجوزہ جی 20چوٹی کانفرنس کے پس منظرمیں ممکنہ طور سرینگرمیں کچھ میٹنگوں کے انعقاد کے پیش نظر یہاں ڈپٹی کمشنر سرینگرکی صدارت میں حکام کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی اوراس میںG- 20چوٹی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں دی گئیں ہدایات پر کی گئی کارروائیوں کاجائزہ لیاگیا۔میٹنگ میں اس سلسلے میں کی گئی کارروائیوں پرتفصیلی تبادلہ خیال ہوااورمتعلقہ محکموں نے اس کانفرنس کی اہمیت کواُجاگر کیا۔ڈپٹی کمشنر نے میٹنگ کے دوران ہر ایک محکمہ کی کارکردگی کوبغورسنا اور سڑکوں کے تزئین اور آرائش ،فٹ پاتھوں کی ترقی،ٹریفک کی صورتحال،لینڈاسکیپ کی خوبصورتی،ہورڈنگس کی تنصیب،لکڑی کے کھمبوں اورپودوں کے زنگ آلودہ تحفظاتی آہنی ڈھانچوں ،لٹکتی تاروں اور غیرضروری روڈڈیوائیڈرس اورملبہ کوہٹانے،سرکاری عمارات کارنگ وروغن کرنے ،آرئشی پودوں کی شجرکاری اور مرجائے پیڑوں کو ہٹانے کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے درختوں کی شاخ تراشی پربھی زوردیا۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنرکومختلف سڑکوں اوراندراگاندھی روڈ جنکشن،جہلم کے کناروں کوخوبصورت بنانے ، گھنٹہ گھر اورگپکارروڈ کوبہتر بنانے کے اقدامات کی جانکاری دی گئی ۔