سری نگر//اینٹی کرپشن بیورونے پیر کے روز چلڈرن ہسپتال کے ایک سرکاری ملازم کو رشوت طلب کرنے اور وصول کرتے ہوے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) کو چلڈرن ہسپتال بمنہ سری نگر کے درجہ چہارم ملازمین کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ ہسپتال کا اکاونٹس اسسٹنٹ ساتھی سرکاری ملازمین سے ان کے حق تنخواہ جاری کرنے کیلئے 3000ہزار روپے فی ملازم رشوت طلب کر رہا ہے۔
تاہم شکایت کنندگان رشوت دینے کے لیے تیار نہیں تھے اور انہوں نے ملزم سرکاری ملازم کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) سری نگر سے رجوع کیا۔
شکایت موصول ہونے پر پولیس تھانہ اے سی بی سری نگر میں پی سی ایکٹ 1998 کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر 01/2023 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
تفتیش کے دوران بیورو کی طرف سے ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے حکمتِ عملی تیار کر کے ملزم سرکاری ملازم کو شکایت کنندگان سے 18ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔اور موقع پر ہی رقم برآمد کر لی گئی۔
ملزم کی شناخت نثار احمد راتھر ولد عبدالاحد راتھر سکنہ نوشہرہ کے طور پر ہوئی ہے جو ہسپتال میں اکاونٹس اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہا ہے۔
معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
رشوت لینے کے الزام میں چلڈرن ہسپتال بمنہ کا اکاونٹس اسسٹنٹ گرفتار
