محمد صدرعالم ندوی
’مناسک حج وعمرہ معہ چہل احادیث‘ مولانا آفتاب عالم قاسمی پروفیسر کی تصنیف ہے، جس میں انہوں نے اس کتاب میں حج و عمرہ کے تعلق سے مفصل و مدلل بیان کیا ہے ۔قرآن و احادیث سے لبریز یہ کتاب عازمین حج کے لیے بہترین تحفہ ہے۔ ویسے حج کے تعلق سے بہت ساری کتابیں سبھوں نے اپنے اپنے مشاہدہ سے لکھی ہیں، لیکن یہ اَپ ڈیٹ کتاب ہے، کیونکہ مکہ و مدینہ کے احوال و مقامات بدلے ہوئے ہیں۔ جو آدمی آج سے دس بیس سال پہلے حج کیا ہوگا اور جن جن مقامات کو اور را ہوں کو دیکھا ہوگا، آج وہ راہیں مختلف اور رہائش گاہیںبھی الگ ہیں، لیکن یہ کتاب ابھی لکھی گئی ہےاور کورونا کے بعد لکھی گئی ہے ،اس لیے میں نے کہا کہ یہ اَپ ڈیٹ کتاب ہے ۔صاحب کتاب نے پہلے عمرہ کیا ،اس کے بعد حج کیا اور حج کی تیاری روپیہ پیسہ کے ساتھ ساتھ مناسک حج و عمرہ کی تیاری بھی قرآن و حدیث کی روشنی میں کی اور حج سے پہلے کتاب کی صورت میں عوام کے سامنے پیش کردیا ، عوام کے لیے یہ کتاب بہترین تحفہ ہے اور مؤلف کے لیے بہترین صدقۂ جاریہ بھی ہے۔۲۰۸؍ صفحات کی اس کتاب میں چار ابواب ہیں ۔باب اول حج کے بیان میں، باب دوم عمرہ کے بیان میں ،باب سوم مقامات مقدسہ کے بیان میں ،باب چہارم حج و عمرہ کے متعلق چالیس احادیث اور میرے شب و روز کے عنوان پر اس کتاب کا خاتمہ ہے، جس میں انہوں نے اپنے اپنے حال و احوال کا تذکرہ کیا ہے ۔اس کتاب کے شروع میں تین عالموں کی کتاب کے تعلق سے مہر کے طور پر تحریر بھی ہے۔ مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پٹنہ نے لکھا ہے: ’’مولانا موصوف نے اس کتاب میں قرآن و احادیث کے حوالہ سے حج و عمرہ کے طریقے اور دعاؤں کا ذخیرہ جمع کیا ہے اور بڑی حد تک حج و عمرہ اور اس کی ادائیگی کے طریقے کی جزئیات کا احاطہ کیا ہے۔ کتاب چار ابواب پر مشتمل ہے ،جن کی تفصیلات کتاب کے شروع میں مؤلف کے قلم سے ہے اور کافی و شافی ہے ۔
مفسر قرآن مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی سابق پرنسپل مدرسہ اسلاميہ شمس الہدیٰ پٹنہ نے لکھا ہے:’’اس موضوع پر بہت سی کتابيں دستیاب ہیں ہر ایک کا اپنا اپنا انداز ہے ،سبھی کتابيں مفید ہیں ،یہ کتاب بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ،اس کا بھی اپنا ایک انداز ہے۔ مؤلف نے اس کتاب کی تالیف میں محنت اور عرق ریزی سے کام کیا ہے، وہ عمرہ سے فیضیاب ہو چکے ہیں ،اس میں ان کے تجربات بھی شامل ہیں۔ مؤلف نے کتاب کو جمع کرنے میں قرآن حکیم اور احادیث سے بھر پور استفادہ کیا ہے، جس کا ثبوت کتاب میں موجود ہے۔ کتاب کی زبان آسان اور سہل ہے ،اس طرح عوام و خواص سب کے لیے یکساں مفید ہے۔
مفسر قرآن مفتی محمد سراج الہدیٰ ندوی ازہری استاد تفسیرو حدیث دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد نے لکھا ہے:’’زیرنظر کتاب مناسک حج و عمرہ مع چہل احادیث بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ کتاب کے نام سے ہی کتاب کا موضوع واضح ہے ،یہ ڈاکٹر مولانا آفتاب عالم قاسمی زیدہ مجدہ پروفيسر اکچھیاوٹ کالج مہوا کی تصنیف ہے۔ آپ کا میدان عمل درس و تدریس اور تجارت ہے۔ آپ لکھتے کم ہیں لیکن جو بھی اور جتنا بھی لکھتے ہیں اچھا لکھتے ہیں، آپ کی تحریر قاری کو اپنی طرف کھینچتی ہے ۔یہ آپ کی باضابطہ پہلی تصنیف ہے ،جو اپنے موضوع پر مرتب، مدلل ،دل نشیں اور معلومات افزا ہے۔‘‘
ا ب آئیے مؤلف کتاب سے کتاب کے تعلق سے ان کی تحریر پڑھتے ہیں :
’’آج یہ کتاب آپ حضرات کے سامنے پیش کرنے کا شرف حاصل کررہا ہوں تو اس مبارک موقع پر مولانا شرف عالم قاسمی خادم حج و عمرہ عمان کی یاد آنا لازمی ہے کہ۲۰۱۹ءکےرمضان المبارک کے نورانی ماہ میں جب بغرض عمرہ مکہ مکرمہ میری رسائی ہوئی تو موصوف سے میری ملاقات مسجد حرام کے وسیع و عریض کے وسیع صحن میںہوئی، چونکہ ہم دونوں کا آبائی گاؤں ایک ہی ہے، اس لیے بے تکلف ہر موضوع پر باہمی گفتگو ہوئی، اسی درمیان مولانا شرف عالم نے کہا اللہ نے آپ کو اس مقدس زمین پر بلایا ہے تو یہاں کے احساسات اور تاثرات جو آپ کے دل میں اُبھرتے ہیں، اسے قلمبند کرتے تو بہتر ہوتا۔میں نے ان کی بات کا جواب ان شاءاللہ سے دیا اور مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے ہی لکھنے کا آغاز کردیا، پھر عید کے بعد جب اپنے وطن ہندوستان آیا اور اپنے گاؤں بیلپکونا ضلع مظفرپور پہنچا ،وہاں میں نے اپنے خاص بچپن کےا ستاد حضرت مولانا قمرالزماں نقشبندی مجددی اور خاص دعا گو بزرگ حضرت مولانا عزیر اختر قاسمی اور اپنے خاص بھائی مولانا ارمان عالم مظاہری مولانا محبوب عالم ندوی اور خاص پھوپھی زاد بھائی حافظ اشفاق احمد سابق مکھیا بیلپکونا اور مولانا یوسف قاسمی مولانا مشیر الحق اور اپنے خاص برادر نسبتی امتیاز احمد و افتخار احمد وغیرہم سے کتاب کی نشرو اشاعت کے سلسلہ میں مشورے لیے تو سبھوں نے ہماری ہمت افزائی فرمائیں اور دعائے خواص سے نوازا……….‘‘۔
اس کتاب میں حوالہ جات کی کمی ہے اگر احادیث کا حوالہ بھی دیا جاتا تو اس کتاب کی اہمیت میں دوبالا ہو جاتی۔ کتاب ظاہر وباطن کے اعتبارسے جاذب نظر ہے جو تحفتاً مؤلف کتاب مولانا آفتاب عالم قاسمی مہوا ویشالی موبائل نمبر 9931418054 سے حاصل کی جاسکتی ہے۔
[email protected]