راجوری // جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے منگل کو فورسز سے کہا کہ وہ سرحد پار منشیات کی تجارت پر کڑی نگرانی رکھیں کیونکہ سرحد پار سے عناصر اسے دہشت گردی کی مالی معاونت اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔دلباغ سنگھ نے یہ باتیں منگل کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنز راجوری میں منعقدہ ایک اہم اعلیٰ سطحی سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔پولیس نے بتایا کہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے راجوری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فوج، پولیس اور سی آر پی ایف افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ ضلع کے سیکورٹی حالات کا جائزہ لیا جاسکے۔ڈی جی پی کے ساتھ اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ بھی تھے۔اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ کے علاوہ میٹنگ میں جی او سی 25 ڈویڑن میجر جنرل وائی ایس اہلوت، جی او سی رومیو فورس موہت ترویدی، سینئر انٹیلی جنس افسران، ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر حسیب مغل، ایس ایس پی راجوری محمد اسلم، ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا نے شرکت کی۔جموں و کشمیر پولیس نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ ڈی پی ایل راجوری کے کانفرنس ہال میں منگل کی سہ پہر منعقدہ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے سرحد پار منشیات کی تجارت پر کڑی نظر رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے عناصر اسے استعمال کر رہے ہیں تاکہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ دہشت گردی کی مالی معاونت بھی کی جاسکے ۔ڈی جی پی نے امن مخالف سرگرمیوں اور منشیات کی تجارت میں ملوث پائے جانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے ڈھانگری واقعے کے حوالے سے تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔انہوں نے امن مخالف واقعات کو روکنے کے لئے سرحدوں اور اندرونی علاقوں میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذہانت کے استعمال پر زور دیا۔ پولیس نے اپنے سرکاری بیان میں بتایا کہ ڈی جی پی نے ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لئے کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی اور ہر اس فرد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی جس نے بزدلانہ حملے کو انجام دینے میں دہشت گردوں کو مدد فراہم کی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ڈی جی پی نے ناکہ چیکنگ اور مشترکہ گشت کے ساتھ ساتھ علاقے کے تسلط کو یقینی بنا کر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی۔ڈی جی پی نے کہا کہ حالیہ ماضی کے دوران فورسز نے انسداد دہشت گردی کے محاذ پر زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور پولیس اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا تاکہ باقی دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے امن کو مستحکم کرنے کے لیے مشن امن کے تئیں اپنی وابستگی کو جاری رکھنا ہے۔