سرینگر// اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی لیڈران اور سینئر کارکنان سے تلقین کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں خود کو عوام کیلئے میسر رکھیں اور اْن کے مسائل اور شکایات کا متعلقہ حکام کے ذریعے ازالہ کرائیں۔ وہ سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ میٹنگ میں جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور متعدد پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔موصولہ بیان کے مطابق اجلاس میں جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پارٹی کے کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ پارٹی کو مزید موثر اور مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا خاکہ بھی زیر غور لایا گیا۔بیان کے مطابق اس موقعے پر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی لیڈران اور سینئر کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی سیاسی سرگرمیوں میں سْرعت لائیں اور عوامی رابطہ مہم کو وسیع کریں۔انہوں نے کہا، ’’یہ بات ہمیشہ ہمارے ذہنوں میں رہنی چاہیے کہ عوام کو اپنی پارٹی سے کافی توقعات وابستہ ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس پارٹی میں عوامی مسائل اور سیاسی معاملات کو حل کرنے کی چاہ اور ہمت دونوں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اپنی پارٹی کی جاری عوامی رابطہ مہم کے دوران ہم نے بار بار یہ دیکھا کہ لوگ جوش و خروش کے ساتھ ہمارے جلسوں میں شامل ہوتے رہے ہیں اور ہم پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ اس لئے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اْتریں۔‘‘سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی لیڈران اور سینئر کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عام لوگوں کے لئے خود کو میسر رکھیں اور متعلقہ سرکاری حکام کے ذریعے اْن کے مسائل اور شکایات کا بلا تاخیر ازالہ کراتے رہیں۔