یو این آئی
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ سرکاری زمینوں پر جنہوں نے قبضہ کیا ہے اس کو ہٹایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جن اثر رسوخ والے لوگوں نے اپنے عہدوں کا استعمال کرکے سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔سنہا نے سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ مختصر بات چیت کے دوران کہا کہ عام آدمی اور غریب لوگوں سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے بلکہ سرکار ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے فکر مند ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری غریب لوگوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اْٹھا رہی ہیں۔
منوج سنہا نے مزید کہاکہ اثر رسوخ والے لوگوں نے اپنے عہدوں کا غلط استعمال کرکے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا، لہٰذا اْن کے خلاف کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا نے بار بار حکم دیا ہے کہ جن اثر رسوخ رکھنے والے افراد نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا اْنہیں ہٹایا جائے۔اْن کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے جو کہا گیا اْس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی خاطر سرکار کاربند ہے۔ انتخابات کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: ‘ الیکشن کمیشن کا بیان آپ نے پڑھا ،یہ ان ہی کے دائرہ اختیار میں ہے’.یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کے سبھی اضلاع میں سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف پچھلے ایک ہفتے سے کارروائی جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انتظامیہ نے ابتک سینکڑوں کنال سرکاری اراضی پر کئے گئے قبضے کو چھڑایا ہے اور آنے والے دنوں کے دوران سرکاری زمینوں سے قبضہ ہٹانے کی مہم جاری ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ جموں وکشمیر کی سبھی سیاسی پارٹیوں نے حکومتی فیصلے کی نکتہ چینی کرتے ہوئے اس پر فوری روک لگانے کا مطالبہ کیا۔