نیوز ڈیسک
جموں // الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کہا ہے کہ کشمیر میں انتخابات کیلئے تمام مراحل کو مکمل کردیا گیا ہے اور اب سیکورٹی اور موسی صورتحال میں بہتری سے متعلق وزارت داخلہ کی جانب سے معلومات حاصل کرنے کے بعد انتخابات کے وقت کا تعین کیا جائیگا۔الیکشن کمیشن نے پیر کو ملک بھر کی 65سیاسی جماعتوں کیساتھ سیاسی طور پر حساس موضوع پر ایک میٹنگ منعقد کی جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کی۔میٹنگ میں الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو مہاجر کارکنوںاورمزدوروں کیلئے ریموٹ الیکٹرانک ووٹنگ مشین(RVM) کے استعمال کے حوالے سے آگاہ کیا۔الیکشن کمیشن نے جموں کشمیر سے تین جماعتوں پی ڈی پی،این سی اور نیشنل پینتھرس پارٹی کو میٹنگ میں مدعو کیا تھا۔ میٹنگ میں کمیشن نے کہا کہ جموں کشمیر میں حد بندی، ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی اور بوتھ سطح کی تنظیم نو سمیت انتخابات کے تمام مراحل مکمل کئے جاچکے ہیں اور اب وزارت داخلہ کی جانب سے سیکورٹی صورتحال سے متعلق رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔ای سی نے میٹنگ میں مزید بتایا کہ ایک بار جب کمیشن کو موسم اور سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں واضح معلومات مل جائیں گی تو جموں کشمیر میں الیکشن کیلئے تاریخوں کا اعلان کیا جائیگا۔
جموں و کشمیر پنچایتی انتخابی فہرست
دعوے دائر کرنے میں 2دن کی توسیع
جموں// منگل کو ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر ریاستی الیکشن کمیشن (SEC) نے اضافہ/ حذف/ تصحیح/ تبدیلی کے دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مدت میں 20 جنوری 2023 تک دو دن کی توسیع کر دی ہے۔18 جنوری سے 20 جنوری تک کی تاریخوں میں توسیع تمام اہل افراد کو پنچایتی انتخابی فہرست میں بطور ووٹر رجسٹر کروانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یکم جنوری 2023 کے ساتھ پنچایتی انتخابی فہرست کی ایک جامع نظرثانی، بطور کوالیفائنگ تاریخ جموں و کشمیر کے یونین ٹیریٹری کے تمام پنچایت حلقوں میں کی گئی ہے۔ کمیشن نے مزیدمطلع کیا ہے کہ 30 جنوری 2023 کو دعوؤں کے حتمی تصرف اور انتخابی فہرست کی حتمی اشاعت جو کہ 10 فروری 2023 ہے، میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔