پرویز احمد
سرینگر //صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں سنیئر ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی130 اسامیوں میں سے 90فیصد کو پر کر لیا گیا ہے جبکہ نیم طبی عملہ کی 313اسامیاں ابھی بھی خالی ہیں ۔ سکمزکے ڈین ڈاکٹر بشیر احمد لاوے نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران پروفیسروں، ایسوسی ایٹ پروفیسروں اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی خالی پڑی سبھی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے بھرتی عمل شروع کیا گیا اور ان میں سے 90فیصد اسامیوں کو پر کر لیا گیا ہے لیکن چند اسامیوں کیلئے ابھی سرکار کی طرف سے منظوری نہیں ملی ہے۔ ڈاکٹر لاوے نے بتایا ’’ نیم طبی عملہ کی خالی پڑی 313اسامیوں کی بھرتی اب سکمز نہیں کرسکتا کیونکہ نان گزیٹیڈ اسامیوں کی تقرری کا عمل سرکاری نے ایس ایس آر بی کو دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نرسوں، فارمسیسٹ، ٹیکنیشین، نرسنگ آڈرلی کی 313اسامیوں کی بھرتی کا عمل ایس ایس آر بی کو مکمل کرنا ہے اور اس لئے ان کی تقرری میں تاخیر ہورہی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سکمز میں پروفیسروں کی 290اسامیاں منظورہ شدہ ہیں جن میں 160 اسامیوں پر سینئر ڈاکٹر کام کررہے ہیں جبکہ دیگر 130اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ سکمز صورہ میں نیم طبی جن میں نرسیں، فارمیسسٹ، میڈیکل اسسٹنگ اور دیگر عملہ کی616اسامیاں منظورہ شدہ ہیں جن میں3 30 اسامیاں منظور شدہ ہے اور ان پر عملہ کام کررہا ہے جبکہ 313اسامیاں ابھی بھی خالی پڑی ہیں۔