نیوز ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے وادی کشمیر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ یو اے پی اے مجریہ1967 کے تحت جرائم کے لیے6 عدالتوں کو نامزد کیا ہے۔حکومت نے کشمیر کے 10 اضلاع میں UAPA کے تحت جرائم کی سماعت کے لیے6عدالتوںکا قیام عمل میں لایاہے۔نوٹیفکیشن نیشنل انویسٹی گیشن ایکٹ-2008کے تحت یونین ٹیریٹری انتظامیہ کو حاصل اختیارات کے تحت جاری کیا گیا ہے۔پہلے وادی میں UAPA-1967 کے تحت جرائم کی سماعت کے لیے صرف تین نامزد عدالتیں تھیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق، ایڈیشنل سیشن جج (TADA/POTA) سرینگر کو سرینگر اور گاندربل کے اضلاع کے لیے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، اننت ناگ کو اننت ناگ کیلئے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، بارہمولہ کو ضلع بارہمولہ کیلئے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سیشن جج، پلوامہ کو پلوامہ اور بڈگام اضلاع کے لیے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (فاسٹ ٹریک کورٹ) کولگام کو کولگام اور شوپیاں اضلاع کیلئے اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، بانڈی پورہ کو بانڈی پورہ اور کپواڑہ اضلاع کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔