بلال فرقانی
سرینگر// محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی جانب سے قصابوں کے خلاف کریک دائون کا سلسلہ جاری ہے اورمنگل کو مزید9 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ انفوورسمنٹ ونگ نے پائین شہر کے کئی علاقوں میںسرکاری نرخ سے اضافی قیمتوں میں گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کاروائی کی اور دکانات کو سربمہر کیا۔ انفورسمنٹ ونگ کے سربراہ مشتاق احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ دنوں سے مجموعی طور پر49 دکانات کو سربمہر کیا گیا۔انہوں نے وضاحت کی سرکار نے گوشت فی کلو بغیر اجڑی کی قیمت535 روپے مقرر کی ہے،اور جو بھی قصاب اس سے اضافی قیمت میں گوشت فروخت کرتا ہے،اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو پائین شہر نوشہرہ،صراف کدل،کنہ کدل، نوہٹہ کے علاوہ بربر شاہ اور شالیمار علاقوں میں دکانوںکو سیل کیا گیا۔اس دوران بوچرس ایسو سی ایشن کے صدر خضر محمد ریگو نے کہا کہ قصاب چکی کے دو پاٹوں میں پھنس گئے ہیں،اور اس سے باہر نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا ہے۔