اشرف چراغ
کپوارہ //کپوارہ پولیس نے کرناہ علاقے سے ایک شخص کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات برآمد کی ہے۔ کرناہ کے چٹکڑی میں دو افراد کے ذریعہ اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات کی ایک بڑی کھیپ اسمگل کی گئی ،جس کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او کرناہ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے فوج کی 6جیک لائی یونٹ کیساتھ مشترکہ تلاشی مہم شروع کی۔تلاشی کارروائی کے دوران عمر عزیز ولد عزیز الرحمن کمار ساکن چٹکڑی کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کی مسلسل پوچھ گچھ پر، عمر نے اپنے اور اس کے دوسرے ساتھی کی طرف سے اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات کی کھیپ وصول کرنے کا اعتراف کیا۔ عمر کے انکشاف پر تلاشی لی گئی اور گارنگنارڈ چٹکی سے منشیات اور اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ برآمد کی گئی ۔جس میں پانچ (5) پستول، 10 پستول میگزین، 77 پستول کے رائونڈ، ایک پستول صاف کرنے والی راڈ، ایک پستول یوزر مینوئل گائیڈ، چار (4) ہینڈ گرینیڈ اور 9.450کلوگرام منشیات کے 10پیکٹ ہیروئن شامل ہیں۔پولیس نے کیس زیر ایف آئی آر نمبر 01/2023 درج کرلیا ہے۔
کرناہ میں اسلحہ اور منشیات کی سمگلنگ | سرحد پار سے بھاری کھیپ بر آمد، ایک شخص گرفتار
