سرینگر//سرینگرضلع میں منشیات کی وباء اوراس کی تجارت کوقابو کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ یہاں ڈپٹی کمشنرسرینگر نے ایک میٹنگ کے دوران لیا۔میٹنگ کے دوران منشیات کی وباء کے مختلف پہلوئوں پر سیرحاصل تبادلہ خیال کیاگیا ۔ڈپٹی کمشنر نے منشیات کے عادی افراد کی رہبری اور صلاح مشورے کیلئے ٹیلی کونسلنگ اوربازآبادکاری وبحالی پر بھی بات کی۔اس موقعہ پرڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں معہ اینفورسمنٹ ایجنسیوں سے کہا کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ منشیات کی اسمگلنگ اورتجارت پر روک لگائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی وباء کو قابو کرنے کیلئے تعاون،تال میل اور اشتراک لازمی ہے اور اس سے ہی منشیات کی دستیابی کی کڑی کوتوڑاجاسکتا ہے اوراس تجارت میں ملوث افراد کوکڑی سے کڑی سزادی جاسکتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس ابھرتے ہوئے سماجی مشکل کوکثیراکجہتی حکمت عملی سے نمٹاجاسکتا ہے جس میں متاثرین کی بازآبادکاری،رہبری اورصلاح مشورہ شامل ہیں اوراس وباء کا تدارک کے نے کیلئے فوری اقدام لازمی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ والدین،مذہبی رہنمائوں اور سماج میں اثررکھنے والے معززافراد کی اس سلسلے میں خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی وباء ہمارے سماجی اوراقتصادی ڈھانچے کیلئے سم قاتل ہے اوراس لعنت کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پورے سماج کویکجاہوکر کام کرناہوگااوراس طرح سرینگر کو منشیات سے پاک ضلع بنایاجاسکتا ہے ۔میٹنگ کے دوران ایس پی ہیڈکوارٹر نے ڈپٹی کمشنر کوسرینگر میں منشیات کی مجموعی صورتحال کی جانکاری دی اوراس وباء کو قابوکرنے کے اقدام سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نارکوپی ایس اے کے تحت ضلع میں 30اسمگلروں کو حراست میں لیاگیا ہے اور منشیات کی تجارت سے وابستہ 269افراد کو سلاخوں کے پیچھے ڈالدیا گیا۔