شوکت حمید
سرینگر// وادی کشمیر میںدرجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہورہا ہے۔اور وادی میں شدید سردی کے زور میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔سری نگر میں جمعہ کو موسم کی سرد ترین رات منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ اس میں بھی کوئی راحت نظر نہیں آرہی ہے کیونکہ چلّہ کلاں، جو کہ سردیوں کے موسم کا 40 دن کا طویل ترین حصہ ہے، 21 دسمبر سے شروع ہونے والا ہے اور کم از کم 25 دسمبر تک خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اس سیزن میں اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔قاضی گنڈ میں منفی 3.4 ، پہلگام میں منفی 5.3 ، کوکرناگ میں منفی 2.1 ، گلمرگ میں منفی 2.5 اورکپواڑہ قصبے میں، پارہ منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ بانہال میں 5.6 ، بٹوٹ میں 6.0 ، کٹرہ میں 7.0 اور بھدرواہ میں 2.1 ریکارڈ کیا گیا۔ لیہہ میں منفی 11.0 اور کرگل میں منفی 12.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔