بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی نے جونیئر لیگل اسسٹنٹس کے عہدوں کے لیے ہونے والے امتحان کو منسوخ کر دیا ہے جو 13 نومبر 2021 کو منعقد ہوا تھا۔ممبر سکریٹری ایم کے شرما کے ایک نوٹیفکیشن میں، اتھارٹی نے کہا کہ اس نے جونیئر لیگل اسسٹنٹ کے عہدوں کے لیے 13 نومبر، 2021 کو منعقد ہونے والے امتحان کو منسوخ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔”قانونی معاونین اور جونیئر قانونی معاونین کی پوسٹوں کے لیے 8مارچ 2021 کے اشتہار نمبر 1 کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے،” ۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ قانونی معاونین اور جونیئر لیگل اسسٹنٹس کی بھرتی کے لیے نئے اشتہار کا نوٹیفکیشن مقررہ وقت پر جاری کیا جائے گا۔ادھربھرتی عمل میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے الزامات کے بعد جموں و کشمیر میں 800 فائر مین کی بھرتی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ مبینہ گھوٹالے کی تحقیقات کے لیے جے اینڈ کے کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ راج کمار گوئل کی سربراہی میں ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے۔یہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے چوتھی بھرتی ہے جو پچھلے چھ ماہ کے دوران زیربحث آئی ہے۔ گوئل کی سربراہی میں ایک پینل کی تحقیقات کے بعد پولیس، محکمہ خزانہ اور جونیئر انجینئروں کی تین سلیکشن لسٹیں پہلے ہی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تحقیقات سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کو سونپ دی گئی ہیں۔ ایجنسی پہلے ہی پولیس بھرتی کیس میں ایک درجن سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کر چکی ہے۔اکتوبر 2020 میں فائر سروس ڈیپارٹمنٹ میں فائر مین اور ڈرائیوروں کی 800 آسامیوں کے لیے 14,000 سے زیادہ امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی۔پچھلے دو سالوں کے دوران، ایک کے بعد ایک بھرتی کا عمل مبینہ بدعنوان کی زد میں آیا ہے۔جون اور جولائی میں پولیس سب انسپکٹرز اور جونیئر انجینئرز اور فنانس اکاؤنٹ اسسٹنٹ کے لیے ہونے والے بھرتی امتحانات بدعنوانی کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ پولیس سب انسپکٹرز کے عہدوں کے لیے مجموعی طور پر 1,200 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا، 1,300 کو جونیئر انجینئرز اور تقریباً 1000 کو فنانس اکاؤنٹ اسسٹنٹ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔