یو این آئی
نئی دہلی// ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان گلوان وادی میں تقریباً اڈھائی سال قبل پرتشدد جھڑپ کے بعد3روز قبل گزشتہ جمعہ کو اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں پھر سے جھڑپ ہوئی ہے جس میں دونوں طرف کے کچھ فوجی زخمی ہوگئے ۔فوجی ذرائع کے مطابق چین کے فوجیوں نے، جن کی تعداد 300کے قریب تھی، توانگ سیکٹر میں ہندوستان کی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس پر ہندوستانی فوجیوں نے اس کا مضبوطی کے ساتھ سخت احتجاج کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔
اس دوران دونوں فریقوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی ، جس میں دونوں طرف کے کچھ فوجی زخمی ہوئے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق دونوں طرف کے فوجیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ چینی فوج کو یہ معلوم نہیں تھا کہ بھارتہ فوج پہلے سے تیار ہے اسی لئے چینی فوج کو زیادہ تقصان ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کی فوجیں اس علاقے سے پیچھے ہٹ گئیں۔ اس واقعے کے تناظر میں توانگ سیکٹر میں تعینات ہندوستانی کمانڈر نے امن اور دوستی کی فضا برقرار رکھنے کے لیے مقررہ انتظامات کے مطابق اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ فلیگ میٹنگ کی۔ذرائع نے بتایا کہ اروناچل پردیش میں توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کے ساتھ کچھ علاقوں میں مختلف صورتحال ہے، جہاں دونوں فریق اپنے دعوے کی لائن تک علاقے میں گشت کرتے ہیں اور 2006 سے یہی رجحان ہے۔