اشرف چراغ +عازم جان
کپوارہ+بانڈی پورہ//ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کونسل کپوارہ کی درگمولہ اور ڈی ڈی سی بانڈی پورہ کی حاجن Aنشستوں کیلئے آج ووٹ ڈالے جائیں گے۔یہ دونوں نشستیں خواتین کیلئے مخصوص تھیں۔دونوں نشستوں کی پولنگ کے دوران نا اہل قرار دی گئی 2 خواتین امیدوارکا ووٹ بھی نہیں ہے۔ دسمبر 2020 میں ان دونوں نشستوں پر پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی دو خواتین صومیہ صدف اور شازیہ بیگم، جن کی شادی دو کشمیری نوجوانوں سے ہوئی ہے، چنائو لڑرہی تھیں ۔ عین ووٹ شماری کے روز الیکشن کمیشن کے پاس یہ شکایت درج کرائی گئی تھی کہ دونوں خواتین الیکشن لڑنے کی اہل نہیں ہیں کیونکہ وہ جموں کشمیر کی پشتینی رہائشی نہیں ہیں۔ شکایت ملنے کے بعد ووٹ شماری اور نتائج روک دئیے گئے اور بعد میں دونوں خواتین کی نامزدگی رد کردی گئی ۔اب ان دونوں نشستوں پر آج چنائو ہونے جارہے ہیں اور دونوں وارڈوںکے حدود میں آنے والے سرکاری دفاتر میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔دونوں حلقوں میںووٹ ڈالنے کا عمل صبح 7بجے شروع ہوگا جو دن کے 2بجے تک جاری رہیگا ۔درگمولہ نشست پر 10 خواتین امیدوار اپنی قسمت آ زمائی کر رہی ہیں جن میں کانگریس اور اپنی پارٹی کے امیدوار بھی شامل ہیں ۔کپوارہ کی نشست کے چنائو کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ پیپلز کانفرنس کے ووٹروں کو پی ڈی پی کے نشان قلم دوات پر بٹن دبانا ہوگا جبکہ پی ڈی پی ایک آ زاد امیدوار کی حمایت کر رہی ہے ۔ووٹ شماری 8دسمبر کو ہوگی ۔حاجن Aنشست پر 3 خواتین امیدوار قسمت آزمائی کررہی ہیں۔دونوں حلقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
۔2 خواتین نمائندوں کی نا اہلی کے بعد | ڈی ڈی سی کپوارہ اور بانڈی پورہ کی 2مخصوص نشستوں پر انتخابات آج
