شبانہ درجہ حرارت بدستور منفی سے نیچے دن بھر دھند چھائی رہی،موسم مزید سرد ہوگا

سرینگر// خشک موسم کے درمیان، وادی کشمیر اور لداخ میں کم سے کم درجہ حرارت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، حالانکہ جمعہ کو زیادہ تر مقامات پر پارہ صفر سے نیچے رہا۔شہر سرینگر میں دن بھر دھند چھائی رہی اور کئی روز بعد دھوپ بہت کم نکلی اور مطلع ابر آلود رہا۔آنے والے دنوں میں موسم مزید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات نے اطلاع دی کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ رات منفی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو سرینگر میں منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت دیکھا گیا جو اس موسم کی اب تک کی سرد ترین رات تھی۔قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 2.0 اور پہلگام میں، پارہ منفی 1.4 ڈگری تھا۔کوکرناگ میں گزشتہ رات 0.2 اور گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 1.0 ڈگری اور کپواڑہ قصبے میں، پارہ منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 11.1 ، بانہال میں 6.6 ، بٹوٹ 4.5 ، کٹرہ 9.4 اور بھدرواہ میں 4.5 ریکارڈ کیا گیا۔ لیہہ میں منفی 4.4 ۔ دراس میں پارہ منفی 6.5 تھا۔ محکمہ موسمیات نے 10 دسمبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔