سرینگر//پی ڈی پی رہنماعارف لائیگرو نے وادی میں بجلی کے موجودہ بحران پرانتظامیہ کی لاپرواہی پر تشویش کااظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں حبہ کدل کانسٹی چیونسی کے انچارج عارف لائیگرو نے کہاکہ انہیں علاقے میں بجلی کی غیرتسلی بخش سپلائی کی متعددشکایات موصول ہوئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ وادی خاص طور سے شہرکے لوگ بجلی کی آنکھ مچولی سے تنگ آچکے ہیں اورمحکمہ بجلی کسی شیڈول پرعمل نہیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگریہ سرینگرکی صورتحال ہے تو پھرچھوٹے قصبوں ،دیہات اور پہاڑی علاقوں کاکیا حال ہوگا۔ لائیگرونے کہا کہ موجودہ انتظامیہ خواب غفلت میں سوئی ہے اورصورتحال کاتقاضا ہے کہ بجلی بحران کو ترجیحی بنیاد پردورکیاجائے تاکہ لوگوں کو سردیوں کے ایام میں بجلی کی بلاخلل سپلائی یقینی بن جائے۔