نیوز ڈیسک
سرینگر //کشمیر یونیورسٹی کے ہوسٹل میں رہنے والے طلبہ و طالبات کیلئے مفت آیورویدا میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تقریبا 150طلبہ کا معائنہ کیا ۔ یک روزہ کیمپ کا انعقاد گرلز ہوسٹل نے این ای پی سیل اور ڈین سکول آف یونانی اور آیورویدا کی جانب سے آیورویدا کے دن کے موقع پر ’’ ہر گھر ، ہر دن آیورویدا کے نام‘‘ سے مرکزی وزرات آیوش کے پروگرام کے تحت کیا تھا۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے اس موقع پر طلبہ سے بات چیت کی جبکہ ان کے ہمراہ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ یونانی اسپتال شالٹینگ ڈاکٹر فاروق احمد نقشبندی اور دیگر افسران بھی تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ہوسٹل میں رہنے والوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلاب کو دیگر سرگرمیوں میں شامل کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے تاکہ بچہ ذہنی دبائو سے دور رہیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپر انٹنڈنٹ فاروق نقشبندی نے کہا کہ اسپتال ہوسٹل میں رہنے والے طلبہ و طلبات کیلئے آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرے گا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صحت کو نظر انداز نہ کریں۔ اس موقع پر طلبہ سے ڈین سکول آف یونانی میڈیسن پروفیسر خالد فاضلی، گرلز پوسٹل کی پرووسٹ پروفیسر زاہدہ جبین ، کارڈنیٹر این ای پی ڈاکٹر فرزانہ گلزار اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔