بلال فرقانی
سرینگر // کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) نے پیر کو سرینگر ضلع کے لیے موسم سرما میں بجلی کی کٹوتی کا نیا شیڈول جاری کیا جو 15 نومبر سے نافذ العمل ہے۔پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے موسم سرما کیلئے ابتدائی کٹوتی شیڈول سرینگر ضلع کیلئے جاری کردیا ہے۔شیڈول میں کہا گیا ہے کہ میٹر والے علاقوں کو روزانہ ساڑھے 4 گھنٹے کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔نئے شیڈول کے مطابق میٹر والے علاقوں کو صبح، دوپہر اور شام میں ڈیڑھ گھنٹے کے لیے باری باری بجلی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔تاہم، غیر میٹر والے علاقوں کو ایک دن میں آٹھ گھنٹے کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔سری نگر کے غیر میٹر والے علاقوں کو صبح کے وقت دو گھنٹے کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ دن اور شام کے وقت تین گھنٹے کی کمی ہوگی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پچھلے سال نومبر کے مہینے میں غیر اعلانیہ کٹوتی شیڈول جاری رہا تھا تاہم نومبر کے آخر میں لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا جس میں اس سے کم کٹوتی کی گئی تھی۔امسال شہر سرینگر کے بیشتر علاقوں کے علاوہ وادی کے قصبوں میں سمارٹ میٹر نصب کئے گئے ہیں تاہم اسکے باوجود بھی بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے اور وولٹیج کم ہونی بھی شروع کردی گئی ہے۔وادی کے دیگر اضلاع میں بھی کٹوتی شیڈول جاری کئے گئے ہیں۔ ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ وادی مین ضلع سطح پر بجلی کٹوتی شیڈول جاری کئے جارہے ہیں۔ اس سے قبل پوری وادی کیلئے کٹوتی شیڈول ہوا کرتا تھا۔