پرویز احمد
سرینگر //وادی میں 25سال سے کم عمر کے نوجوان تیزی سے شوگر بیماری کے شکار ہورہے ہیں۔ میڈیکل سائنسز صورہ میں پچھلے چند سال کے دوران 25سال سے کم عمر کے 650مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ سکمز میں شعبہ اینڈوکرائنولوجی کے پروفیسر ڈاکٹر شارق مسعودی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سال 1995تک شوگر کی بیماری صرف 40سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں ہی ہوتی تھی اور اسی لئے سال1995سے شوگر بیماری پر تحقیق شروع کی گئی اور اس کے نتائج 2000میں شائع کئے گئے‘‘۔ڈاکٹر شارق نے بتایا ’’ تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ وادی میں 8فیصد لوگوں میں شوگرکی بیماری ہے جن میں 6ٖفیصد لوگوں کو پتہ ہی نہیں تھاکہ وہ شوگر بیماری کے شکار ہوگئے ہیں جبکہ دو فیصد لوگ ہی ادویات کا استعمال کرتے تھے۔ ڈاکٹر شارق نے بتایا ’’ سال 2008میں نئی تحقیق کے دوران ہم نے تحقیق کے زمرے میں 40سے 20سال تک کے لوگوں کو لایا اور اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ 20سے 40سال تک کے عمر کے لوگوں میں 2.5فیصد لوگوں میں شوگر کی بیماری ہے اور ان میں 90فیصد لوگ ایسے ہوتے ہیں جنہیں شوگر کی بیماری کا علم ہی نہیں ہے۔ڈاکٹر شاکر نے بتایا کہ نوجوان نسل یعنی 25سال سے کم عمر کے لوگوں میں بھی شوگر کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور پچھلے چند سال کے دوران ہم نے 25سال سے کم عمر کے 650مریضوں کا علاج و معالجہ کیا ۔ انہوں نے کہا ک روزانہ اوسطاً100مریضوں میں 90فیصد Type 2شوگر بیماری کے شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3سے 4فیصد مریض ایسے ہوتے ہیں جن کے خون میں شوگر کی سطح 100سے 125ہوتی ہے او ر ہم ان لوگوں کو صحت مند نہیں سمجھتے کیونکہ آنے والے ایک یا دو سال میں وہ شوگر مریض بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح شوگر کی بیماری تیزی سے بڑھی تو صورتحال انتہائی نازک ہوگی۔ ڈاکٹر شاکر نے بتایا کہ گزشتہ سال کی گئی تحقیق میں وادی میں شوگر مریضوں کی تعداد 20فیصد تھی ، یعنی ہر 5افراد میں ایک شخص شوگر
بیماری میں مبتلا ہے۔حیدرآباد میں پریکٹو انڈیا نامی کمپنی کی طرف سے جاری کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پورے بھارت میں شوگر بیماری کیلئے علاج و معالجہ کیلئے آنے والے مریضوں میں 50فیصد مریضوں کی عمر 34سے 25سال ، 33فیصد مریضوں کی عمر 35سے 44سال جبکہ 8فیصد مریضوں کی عمر 45سال سے 55سال کے درمیان ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ دو سال کے دوران نوجوانوں میں شوگر بیماری میں 44فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ذیابیطس کا عالمی دن | وادی میں 20فیصد لوگ شوگر سے متاثر، 25سال سے کم عمر کے نوجوان بھی مبتلا
