پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے میں اتوار کو ڈینگی سے 98افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس طرح جموں و کشمیر میں ابتک متاثرین کی تعداد 6739ہوگئی ہے۔ اس دوران اتوار کوجموں صوبے میں ایک اور شخص ڈینگی سے فوت ہوگیا ہے۔ ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ڈاکٹر ہرجیت رائے نے بتایا ’’ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ڈینگی کی تشخیص کیلئے361ٹیسٹ کئے گئے جن میں 9کمسن بچوں سمیت 98افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔ڈاکٹر ہرجیت رائے نے بتایا کہ ڈینگی متاثرین میں 52مرد اور 46خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا’’ متاثرین علاوہ میں کیمائی ادویات کے چھڑکائو اور لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کے بارے میں جانکاری کیلئے مہم شروع کردی گئی ہے۔ ڈیوژنل نوڈل آفیس جموں کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو ڈینگی سے متاثر ہونے والے 98افراد میں سب سے زیادہ 63ضلع جموں،سانبہ میں 8، کٹھوعہ میں 5، ادھمپور میں 12،راجوری میں 5،پونچھ میں ایک اور ڈوڈہ میں 4افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے ریاسی، رام بن اور کشتواڑ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے ۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کی رپورٹ اتوار کو مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر صوبے میں ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد 11بنی ہوئی ہے۔ جموںو کشمیر میں ابتک ڈینگی کی تشخیص کیلئے24ہزار 180ٹیسٹ کئے گئے جن میں 6739افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔
ڈینگی سے ایک اور موت | مجموعی تعداد 18
