ارشاداحمد
سرینگر//ہارون سرینگر سے ملحقہ بیشتر علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہے جس وجہ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق متعدد علاقوں میں برقی رو کی ترسیلی لائنیں خستہ اور ناکارہ ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے گھنٹوں بجلی غائب ہوجاتی ہے۔ہارون سرینگر کے متعدد علاقوں جن میں تھید، نیو تھید، فقیر گجری، دارا،درباغ، بارجی،چند پورہ، چھترہامہ، دنہہ ہامہ ،ملہ پھاک،اپر ملہ پھاک سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں خستہ اور ناکارہ ہوچکی ہیں جو برقی رو کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی جس کی وجہ سے اکثر بیشتر بجلی کی لائین خودبخود گرجاتی ہیں جس کے باعث علاقوں میں گھنٹوں بجلی متاثر ہوجاتی ہے۔مقامی آبادی کے مطابق بدھ کی صبح اَپر ملہ پھاک میں بجلی کی ترسیلی لائنیں اچانک گرنے سے بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی، اور ترسیلی لائنوں کو درست کرنے اور برقی رو بحال کرنے میں گھنٹوں کا وقت لگ گیا۔اپر ملہ پھاک کے مقامی شہری امتیاز احمد نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا ،’’ہارون سے ملحقہ متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں سالوں قبل لگائی گئیں جبکہ بیشتر علاقوں میں ابھی تک بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنیں خستہ اور ناکارہ ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں کسی بھی علاقہ میں ترسیلی لائن گرجاتی ہے تو متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی متاثر ہوجاتی ہے۔‘‘مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ ہارون سرینگر کے علاقوں میں بجلی کا نظام درست حالت میں لایا جائے تاکہ آنے والے سردی کے موسم میں کسی طرح کی پریشانی یا دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔