نیوز ڈیسک +اشتیاق ملک
جموں+ڈودہ// سانبہ ضلع میں جموں پٹھان کوٹ شاہراہ پربدھ کی سہ پہر دو بسوں کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس وجہ سے تین یاتریوں کی موت واقع ہوئی جبکہ ڈیڑھ درجن کے قریب زخمی ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں 24کے قریب افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے تین یاتریوں کو مردہ قرار دیا۔ حادثے میں زخمی ہوئے کئی یاتریوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ننکی چک کے قریب پیش آیا۔ایک بس میں سیاح سوار تھے۔مہلوکین میں دو کا تعلق پنجاب اور ایک سانبہ سے ہے۔ادھر ڈوڈہ میں منگل کی شب کار حادثہ میں دریائے چناب میں غرقآب ہوئے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جبکہ، تین کا تاحال سراغ نہیں مل سکا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈوڈہ) عبدالقیوم نے بتایا کہ منگل کی شام 7.30 بجے کے قریب حادثہ کے بعد بٹوٹ-کشتواڑ شاہراہ پر شبنوٹ-کرارا میں بچاؤ اور تلاش شروع کی گئی۔اہلکار نے بتایا کہ مرنے والے کی شناخت آدتیہ کوتوال کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ “دن بھر کی سخت تلاش کے بعد، ریسکیورز آج شام ایک لاش نکالنے میں کامیاب ہوئے جب کہ دیگر تین افراد کی تلاش جاری ہے۔”کوتوال ،روہن منگوترا، سرجیت سنگھ اور وشال چندیل کے ساتھ، سبھی ڈوڈہ کے رہنے والے، کشتواڑ جا رہے تھے جب ان کی گاڑی سڑک سے پھسل کر دریا میں گر گئی۔