گورو نانک جینتی تقاریب میں عقیدتمندوں کی بھاری شرکت

Mir Ajaz
1 Min Read

بلال فرقانی

سرینگر//جموں و کشمیر میں منگل کے روز سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی کا 553 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔وادی میں منگل کی صبح سخت سردی کے باوجود سکھ برادری کے اراکین ،جو نئے کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے، کا گردواروں اور دوسری مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔سرینگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی ۔سکھ عقیدتمند ،جس میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے منگل کی صبح سے ہی گردوارے پر حاضری دینا شروع کیا۔ اس موقع پر خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر باغات برزلہ ،چھانہ پورہ، مہجور نگر، جواہر نگر،شادی مرگ پلوامہ، بارہمولہ، ترال، بڈگام، اور وادی کی دوسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ خصوصی تقریبات کا انعقاد جنوبی کشمیرکے بجبہاڑہ اور مٹن میں بھی ہوا جہاں گورو نانک دیو جی لداخ کے راستے سے چین جانے سے قبل کچھ وقت کے لئے رکے تھے۔

Share This Article