پرویز احمد+غلام نبی رینہ+اشرف چراغ+عشرت بٹ
سرینگر+کنگن+کپوارہ +پونچھ// اگلے تین دنوں میں مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کے درمیان، منگل کو درجہ حرارت گلمرگ اور پہلگام میں صفر سے نیچے گر گیا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ منگل کو جزوی طور پر ابر آلود موسم رہا۔محکمہ نے کہا کہ آج’’9 نومبر کی شام سے 11 نومبر کی دوپہر کے دوران بہت سی جگہوں پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری (اونچائی پر) متوقع ہے”۔تاہم، انہوں نے کہا، اس مرحلے کے دوران کسی “بڑی بارش یا برف باری” کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 12سے16 نومبر تک موسم “جزوی طور پر ابر آلود” رہنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ برف باری اور کم درجہ حرارت 10 اور 11 نومبر کو بنیادی طور پر زوجیلا، جموں سرینگر ہائی وے، لیہہمنالی روڈ پر سطحی نقل و حمل میں عارضی خلل کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا، “سفر پر نکلنے سے پہلے، لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس سے سڑک کی حالت جان لیں تاکہ تکلیف سے بچا جا سکے کیونکہ خراب موسم میں سڑکوں کی حالت غیر یقینی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا، سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
قاضی گنڈ میں 5.4 ، پہلگام میں پارہ منفی 1.6 ، کوکرناگ میں 4.6 ،گلمرگ میں منفی 4.5 اور کپواڑہ قصبے میں، پارہ 2.8 درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 13.8 ڈگری سینٹی گریڈ ، بانہال میں 2.2 ، بٹوٹ 5.8 ، کٹرا 11.2 اور بھدرواہ میں 3.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے پچھلے 24گھنٹوں میں سرینگر میں 1.9 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 24.6 ، پہلگام میں 10.2 ، کپواڑہ میں 5.2 ، کوکرناگ میں 12.6 ، گلمرگ میں 2.6 ، نیل، بانہال میں 87 ، بانہال میں 87 ، کٹرا 7.0 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 2.2 ملی میٹردرج ہوئی۔ادھرکپوارہ ضلع میں اگرچہ منگل کے روز موسم ساز گار تھا اور دھوپ نکل آئی تاہم بعد دوپہر میدانی علاقوں میںبارشو ں جبکہ بالائی علاقوںمیں برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ۔ضلع کے بالائی علاقوں میں اس سے قبل ایک سے دو فٹ برف جمع ہوئی تھی جس کی وجہ سے کرناہ ،کیرن ،بڈنمل ،مژھل اور جمہ گنڈ کی سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔محکمہ بیکن نے ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر کیرن اور کرناہ کی سڑکو ں پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا جس کے بعد پیر کی شام دیر گئے ان سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے کھول دیا گیا ۔منگل کی دوپہر کے بعد ضلع کے بالائی علاقوں میں دوبارہ برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کیساتھ ہی چوکی بل کرناہ ،میلیال کیرن سڑک کو عارضی طور بند کر دیا گیا۔ بڈنمبل ،جمہ گنڈ ا ور سر کلی مژھل سڑکیں گزشتہ 3روز سے بند پڑی ہیں ۔ضلع کے نستہ ژھن ( سادھنا گلی )پر تازہ 4 انچ،زیڈ گلی مژھل5اور فرکیاں گلی پر 3انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ادھردو روز بعد سرینگر لداخ شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک بحال کیا گیا۔زوجیلا میں بھاری برفباری کے بعد لداخ شاہراہ پر عارضی طور پر ٹریفک کی آمدورفت بند کی گئی تھی، جس کی وجہ سے دراس، منی مرگ، سونہ مرگ اور دیگر مختلف مقامات پر سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھیں۔ منگل کو موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی باڈر روڈ آرگنائزیشن نے زوجیلا سے برف ہٹانے کا کام شروع کرکے بعد دوپہر تک صاف کیا جس کے بعد منی مرگ سے چھوٹی گاڑیوں اور فوجی کانوائے کو سونہ مرگ کی جانب روانہ کیا گیا۔ سونہ مرگ سے کرگل کی طرف کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ موسم ٹھیک رہنے کی صورت میںآج سونہ مرگ سے کرگل کی طرف گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہوگی ۔ادھر تاریخی مٖل روڑ دو روز بعد جزوی طور پر کھو دی گئی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ پیر کی گلی کے آس پاس بھاری برفباری کے بعد مغل روڑ کو اتوار کو بند کیا گیا اور پیر کی صبح اس پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا جس کے بعد منگل کی دوپہر شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک بحال کیا گیا۔