سرینگر//متعدد ٹریول اورٹور اداروں کے نمائندوں نے سیکریٹری سیاحت سرمدحفیظ کے ساتھ یہاں ملاقات کی اورجموں کشمیرمیں سیاحتی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پرڈائریکٹر سیاحت فضل الحسیب اور دیگرااعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔نمائندوں نے وادی کشمیر میں سیاحت کوفروغ دینے کے سلسلے میں کئی تجاویز پیش کیں ۔انہوں نے محکمہ سیاحت کا وادی میں اس شعبے کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کیلئے شکریہ اداکیا۔ اس موقعہ پرسیکریٹری نے متعلقین پرزوردیا کہ وہ محکمہ کے ساتھ قریبی تال میل سے کام کرے تاکہ محکمہ کی کوششوں کے زیادہ سے زیادہ ثمرات حاصل کئے جائیں۔انہوں نے نمائندوں کو بتایا کہ محکمہ چوبیسیوں گھنٹے کام کررہا ہے تاکہ ملک میں جموں کشمیر کے سیاحتی شعبے کی گزشتہ دو برس سے سبقت کو برقراررکھا جائے۔ سرمدحفیظ نے کہا کہ جموں کشمیرمیں سیاحت کے امکانات زیادہ ہیں اور مقامی متعلقین کو سیاحوں کو تفریحی سرگرمیاں مہیا رکھنی چاہیے اور نئے سیاحتی مقامات کی تشہیر کرنی چاہیے۔سیکریٹری سیاحت نے گروپ کومطلع کیا کہ آئندہ ایام میںقومی اور بین الاقوامی سطح پرروڈ شوزاورپرموشنل تقریبات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ آنے والے موسم سرما میں گلمرگ کے علاوہ سونہ مرگ،یوسمرگ اور دودھ پتھری کو بھی کھلارکھاجائے گااورسیاحوں کو کھینچ لانے کیلئے متعدد اقدام کئے جارہے ہیں۔