اشرف چراغ+مشتاق الحسن+غلام نبی رینہ+محمد تسکین
سرینگر+کپوارہ+ٹنگمرگ+کنگن+بانہال// وادی کشمیر اور خطہ چناب کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے 11 نومبر تک موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے نے بتایا کہ 8 نومبر کو موسم ابر آلود رہے گا اور اس دوران شام کے بعد بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔محکمہ نے کہا کہ 9اور 10کو کئی مقامات پر بارشیں یا ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 11 نومبرسے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال سے خاص طور سرینگر جموں شاہراہ، زوجیلا پاس، لیہہ منالی شاہراہ پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل عارضی طور پر متاثر ہوسکتی ہے۔ محکمے نے لوگوں سے سفر اختیار کرنے سے پہلے سڑکوں کی صورتحال معلوم کرنے کی تاکید کی ہے۔سونہ مرگ میں 7انچ،زوجیلا میں سوا فٹ،گمری سوا فٹ، کلن ، گگن گیر اور گنڈ میں 3انچ میں برفباری ہوئی۔سونہ مرگ تک ٹریفک بند کیا گیا۔
دریں اثنا سیاحتی مقام گلمرگ اور سونہ مرگ کے بعض حصے برف کی سفید چادر میں لپٹے ہوئے ہیں اور بالائی علاقوں میں چار انچ سے ڈیڑھ فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔گلمرگ کے افروٹ میں ڈیڑھ فٹ ،کونگہ ڈوری میں ایک فٹ جبکہ گلمرگ میں 8انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی۔گلمرگ میں تازہ برفباری جبکہ ٹنگمرگ کے میدانی علاقوں میں موصلادھار بارشوں سے درجہ حرارت میں نماکمی واقع ہونے سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔کپوارہ کے مڑھل اور سادھنا ٹاپ پر بالترتیب چار انچ اور ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوئی ہے جبکہ گریز میں تین انچ موٹی برف کی چادر بچھی ہوئی ہے۔اشرف چراغ کے مطابق کپوارہ کے نستہ ژھن گلی (سادھنا درہ)پر 1،فرکیاں گلی1اور زڈ گلی مژھل پر 2فٹ برف ریکارڈ کی گئی جسکے نتیجے میں انتظامیہ نے ان علاقوںکو جانے والی سڑکو ں کو عارضی طور بند کیا ہے ۔سرحدی علاقہ مژھل سے اطلاع ہے کہ وہاں 4انچ برف جمع ہوئی ہے جس کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی جبکہ کرناہ اور کیرن میں بارشیں ہو رہی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر کپوارہ ان علاقوں کی جانے والی سڑکو ں سے برف ہٹانے کے کام کی خود نگرانی کر رہ ہے ہیں ۔سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ قاضی گنڈ میں 36 ، پہلگام میں 19 ، کپوارہ میں 24 اور،گلمرگ میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ادھرسری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ گلمرگ میںمنفی4.5 ، پہلگام میں1.6 ، کپوارہ میں 2.3 اور قاضی گنڈ میں5.4 ڈگری ریکار ڈکیا گیا۔ادھر وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر لیہہ شاہراہ کو پیر کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دیا گیا جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر دو دنوں سے ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل معطل ہے۔ٹریفک پولیس نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ کو اتوار کی صبح کئی مقامات جیسے پیر کی گلی، منسر مہر اور پوشہ پر برف باری ہونے کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سونہ مرگ میں برف باری کے باعث سری نگر- سونہ مرگ-گومری سڑک کو بھی پیر کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔
خطہ چناب
رام بن بانہال سیکٹر کے میدانی علاقوں میں شدید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ پیر کے دن دوسرے روز بھی جاری رہا اور مجموعی طور پر جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت گرتے پتھروں کے باوجود بدستور جاری رہی۔پچھلے دو روز سے رام بن ضلع کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہورہی ہیں جبکہ پیر پنجال کی پہاڑیوں اور مہو منگت کی بستیوں میں بھی برفباری ہوئی ۔ کیفٹیریا موڑ اور مہاڑ علاقوں میں وقفے وقفے سے پتھروںکے گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم اس سے ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر نہیں ہوئی۔ سہ پہر بعد پنتھیال کے مقام بھی پتھر گرنا شروع ہوئے اورشاہراہ پر سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ۔ادھر بعد دوپہر پنتھیال کی پسی میں نصب کئے گئے لوہے کے ٹنل کے پاس سیاحوں سے بھری ایک منی بس پتھروں کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں کلکتہ مغربی بنگال کا ایک سیاح اور جموں کا رہنے والا منی بس ڈرائیور زخمی ہوگئے۔ منی بس میں 15 سیاح سوار تھے اور یہ منی بس جموں سے سرینگر کی طرف جارہی تھی۔ دریں اثنا پیر کی دوپہر وادی سے جموں جانے والی ایک تویرا گاڑی کیفٹیریا موڑ کے مقام پر گرتے پتھروں کی زد میں آگئی تاہم اس حادثے میں گاڑی میں سوار تمام مسافر بال بال بچ گئے ہیں۔البتہ تویرا گاڑی کو نقصان پہنچا ۔