شرم الشیخ//اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مصر میں شروع ہونے والے شرم الشیخ کاپ27 سے خطاب میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق مصر میں شرم الشیخ کاپ27 کلائمٹ امپلیمینٹیشن سمٹ شروع ہو گیا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سمٹ سے خطاب میں کہا اقوام عالم کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔انتونیو گوتریس نے کہا دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے ، بڑھتے درجہ حرارت سے ماحولیات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، بڑی معیشتوں کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔انھوں نے کہا کہ ماحول دوست توانائی کے حصول کے لیے کام کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کلائمٹ امپلیمینٹیشن سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، اس سمٹ میں مختلف ممالک کے سربراہان مملکت بھی شریک ہیں۔اس دوران شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر محمد بن زاید آل نہیان کی ملاقات ہوئی، جس میں مشترکہ مقاصد کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا گیا، وزیر اعظم کی عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل اور یورپی یونین کمشنر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے بچاؤ کے لیے بھرپور تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ برطانوی وزیر اعظم رشی سنک مصر میں ہونے والے کاپ27 بین الاقوامی کانفرنس میں عالمی رہنماؤں کو بتائیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف لڑائی “نئی ملازمتوں اور صاف ترقی کے لئے ایک عالمی مہم” بن سکتی ہے ۔مسٹر سنک کا بطور وزیر اعظم یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے ۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، مسٹر سنک ایک سال قبل گلاسگو میں کاپ 26 میں کیے گئے وعدوں پر قائم رہنے کے لئے ممالک سے اپیل کرسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے سربراہ نے کہا کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو محدود کرنے کا ایک اہم مقصد ابھی تک پہنچ میں ہے ۔مسٹر سنک نے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ اور مہم چلانے والوں کے احتجاج کے بعد کاپ 27 میں شامل نہ ہونے کے اپنے فیصلے کو واپس لے لیا اور اتوار کی رات شرم الشیخ پہنچے ۔
مصر میں کاپ۔27بین الاقوامی کانفرنس | موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا:گوتریس