پرویز احمد
سرینگر//محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے 2 دنوں تک بڑے پیمانے پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اور 7 نومبر کی سہ پہر تک وادی کے زیادہ تر مقامات پر درمیانی درجے کی بارش اور ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کشمیر کے میدانی علاقوں میں 6اور 8نومبر کو درمیانہ درجے کی برفباری کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوںمیںاچھی خاصی برفباری ہو سکتی ہے ۔ا نہوں نے مزید کہا کہ برفباری اور کم درجہ حرارت کے بیچ زوجیلا، جموںسرینگر شاہراہ ، سنتھن ٹاپ، مغل روڈ پرٹریفک کی نقل و حمل میں خلل ہو سکتی ہے ۔ادھر صوبائی کمشنر کی جانب سے سبھی ڈپٹی کمشنروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں کسی بھی صورٹھال سے نمٹنے کیلئے افرادی قوت اور مشینری تیار رکھیں۔
صوبائی کمشنر نے سبھی سرکاری محکموں کے افسران جن کے دفاتر ضلع ہیدکوارٹروں پر ہیں، سے کہا ہے کہ وہ آئندہ تین روز تک متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کی اجازت کے بغیر ہیڈکوارٹر نہ چھوڑیں اور سبھی ضلع افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے کنٹرول روم میں موجود رہیں۔اس ضمن میں محکمہ بجلی و آبپاشی، محکمہ تعمیرات و اری گیشن و فلڈ کنٹرول،میکنیکل اری گیشن، عوامی تقسیم کاری اورمیونسپل کونسلوں کے سبھی ایگزیکٹیو افسران کے نام احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ادھرکپوارہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیرن،مرناہ،مژھل،بڈ نمبل، جمہ گنڈ، نوگام، کم کڈی اور ان سے ملحقہ علاقوں، نیز ندی نالوں اور پسیاں گرآنے والی جگہوں پر لوگوں کی آمد و رفت محدود رکھی جائے اور لوگ خود کو محفوظ جگہوں پر ہی رکھیں۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگلے دو دن کے دوران موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کے مدنظر لوگ بالائی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔