سرینگر//فائر اینڈ ایمرجنسی سروس میں ڈرائیوروں اورفائرمینوں کی اسامیوں کوپُرکرنے کیلئے منعقدہ امتحان میں ناکام ہوئے امیدواروں نے بدھ کواحتجاج کرتے ہوئے ان امتحانات اور ان کے نتائج میں دھاندلیوں کی مرکزی تفتیشی ایجنسی’ سی بی آ ئی ‘کے ذریعے تحقیقات کی مانگ کی۔
سرینگر کی پر یس کالونی میںفائر اینڈ ایمرجنسی سروس میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے امتحان میں ناکام ہوئے امیدواران نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جبکہ وہ نعرہ بازی کر رہے تھے۔ مظا ہرین کا کہنا تھا کہ سال2013میں محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس میں ڈرائیوروں اور فائرمینوں سمیت دیگر شعبوں میں عملے کو پورا کرنے کیلئے1040اسامیاں مشتہر ہو ئیں جس کے بعد انہوںنے اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔مظا ہرین کا کہنا تھا کہ سال2014میں سیلاب کی وجہ سے یہ معاملہ رک گیا اور 2015 میں اس وقت کی حکومت نے نوٹیفکیشن کو ہی کالعدم قرار دیا تھا،جس کے بعد امیدواروں نے عدالت کے دروازے پر دستک دی تھی،اور2018میں عدالت نے ان ہی امیدواروں کا سر نو امتحانات اور فزیکل ٹیسٹ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا ’’ جولسٹ مشتہر کیا گیا ہے اس میں عیاں وبیان دھاند لیاں کی گئی ہیں کیونکہ اصل و قابل امیدواروں کے بجائے منظور نظر افراد کو فہرست میں جگہ دی گئی۔‘‘ مظاہرین نے کہا میٹرک اور مڈل پاسوں کو بھی کامیاب قرار دیا گیا،تاہم گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹوں کو باہر کا راستہ دکھا یا گیا۔ مظا ہرین نے یہ بھی انکشا ف کیا کہ امتحا ن سے پہلے ہی اس کے پر چے لیک ہوئے تھے۔انہوںنے مانگ کی کہ ان بھرتیوں میںہوئی دھاندلیوں کی تحقیقات سی بی آ ئی کے ذریعے کرائی جائے۔