سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سول سیکرٹریٹ میں رواں ماہ منعقد ہونے والی ’’ ایل جی کی ملاقات ‘‘ براہ راست عوامی شکایات کی سماعت کے دوران لوگوں سے بات چیت کی اور ان کی شکایات کا ازالہ کیا ۔یو ٹی بھر سے منتخب درخواست دہندگان کی شکایات کا جائیزہ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے فوری کارروائی کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ سب کی یکساں طور پر خدمت کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ ہم نے لوگوں کے خدشات کو دور کرنے میں اہم پیش رفت کی ہے اور ہم نے جو کچھ حاصل کیا ہے اسے برقرار رکھنے اور اس کی تعمیر کیلئے ایک مربوط یونٹ کے طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ سماجی و اقتصادی کامیابی اور ذمہ دار خدمات کی فراہمی کے نظام کے نتیجے میں لوگوں کی توقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عام آدمی کو گورننس کے عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دیں ۔ ریونیو ریکارڈ سے متعلق ایک شکایت کو حل کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے مالیاتی کمشنر ریونیو سے ریونیو عدالتوں میں مقدمات کے جلد از جلد نمٹانے کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے افسران سے مزید کہا کہ وہ سرٹیفکیٹس کے اجراء ، ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے شکایات کو دور کرنا ، کارروائی کی رپورٹ اپ لوڈ کرنا ، شکایات کا تسلی بخش نمٹنا اور محکمہ کی طرف سے واضح جواب اور مختلف اسکیموں کے تحت فوائد کی منظوری پر خصوصی توجہ دیں ۔