پرویز احمد
سرینگر //آنچار صورہ میں سکمز کی 450کنال پر غیر قانونی قبضہ کو ہٹانے کیلئے زمین کی نشاندہی کا کام شروع کردیاگیا ہے ۔ سکمز صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ایڈیشنل ڈائریکٹرکی سربراہی میں سکمز ، متعلقہ تحصیلدار کی سربراہی میں محکمہ مال کی ایک ٹیم اور متعلقہ پولیس کے ہمراہ ہم نے آنچار میں سکمز کی زمین سے غیر قانونی قبضہ ہٹانے اور زمین کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ پہلے سکمز کی زمین کی نشاندہی ہوگی اور بعد میں دیگر معاملات طے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کی نشاندہی کا کام سنیچر کو بھی جاری رہے گا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سکمز صورہ کی انتظامیہ نے سکمز کی زمین خالی کرانے کیلئے کئی محکمہ جات کو نوٹس جاری کی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مستقل میںسکمز میں مختلف شعبہ جات کو ترقی دینے، طلبہ اور ملازمین کیلئے ہوسٹل اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کیلئے سکمز کو زمین درکار ہے اور اسلئے سکمز صورہ کی انتظامیہ نے اسپتال کی ملکیتی زمین کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے۔