یو این آئی
کیدارناتھ// اتراکھنڈ کے رودرپریاگ ضلع میں بھگوان شیو کے پانچویں جیوترلنگ کیدارناتھ دھام کے درشن کے بعد 6 یاتریوں کو واپس لاتے وقت ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں پائلٹ سمیت تمام سات افراد ہلاک ہوگئے ۔ مرنے والے گجرات اور تمل ناڈو کے رہنے والے ہیں ۔ حادثہ منگل کی صبح تقریباً 11:40 بجے پیش آیا۔ مرنے والوں میں پائلٹ کیپٹن انیل (ممبئی کے رہنے والے ) سمیت کل 7 مسافر تھے ۔ سیکٹر آفیسر ہیلی پیڈ کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی طرف سے ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، وائی ایم ایف، ڈی ڈی آر ایف ٹیم اور پولیس ٹیم کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ مذکورہ ٹیموں نے سات افراد کی لاشیں نکالی اور لاشوں کو کیدارناتھ دھام ہیلی پیڈ لے جایا گیا ۔دوسری جانب رودر پریاگ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر نندن سنگھ نے بتایا کہ انل سنگھ، پائلٹ، عمر 57، ساکن ممبئی (مہاراشٹر)، پوروا رامانوج، عمر 26، رہائشی گجرات ، کروتی براڈ، عمر 30، گجرات، اوروی براڈ عمر 25 سال گجرات، سجاتا 56 تمل ناڈو، پریم کمار 63 تمل ناڈو اورکلا 60 تمل ناڈو کی موقع پر موت ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع افسرسطح پر انکوائری قائم کر دی گئی ہے ۔