نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکز نے منگل کو گندم کی کم از کم قیمت میں 110 اور سرسوں کی قیمت میں 400 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کر کے موجودہ فصلی سال کے لیے انکی قیمتیں بڑھا دیں۔ کسانوں کی پیداوار اور آمدنی(کم سے کم امدادی قیمتیں) بڑھانے کا فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی امور (CCEA) کی میٹنگ میں لیا گیا۔ایم ایس پی وہ شرح ہے جس پر حکومت کسانوں سے اناج خریدتی ہے۔ فی الحال، حکومت خریف اور ربیع دونوں موسموں میں اگائی جانے والی 23 فصلوں کے لیے MSPs طے کرتی ہے۔ربیع (موسم سرما) کی فصلوں کی بوائی اکتوبر میں خریف (گرمی) کی فصلوں کی کٹائی کے فوراً بعد شروع ہوتی ہے۔ گندم اور سرسوں ربیع کی اہم فصلیں ہیں۔ایک سرکاری بیان کے مطابق، کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے-23 2022 فصلی سال (جولائی-جون) اور 2023-24کے مارکیٹنگ سیزن کے لیے ربیع کی چھ فصلوں کے لیے MSPs میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔اس فصلی سال کے لیے گندم کی ایم ایس پی2021-22 فصلی سال میں 2,015 روپے فی کوئنٹل سے 110 روپے بڑھا کر 2,125 روپے فی کوئنٹل کر دی گئی ہے۔ریلیز میں کہا گیا کہ گندم کی پیداوار کی لاگت کا تخمینہ 1,065 روپے فی کوئنٹل لگایا گیا ہے۔